Live Updates

مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گئی

ق لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکن مشترکہ سیاسی دشمن کو پہچانیں،ہم نے مثالی خدمت کی عوام ہماری کامیابی کی دعائیں کر رہے ہیں۔ سینئرمرکزی رہنماء ق لیگ چودھری پرویزالٰہی کی تلہ گنگ میں کارکنان سے گفتگو

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 14 جون 2018 16:27

مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گئی
چکوال (اُردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔14 جون 2018ء) :مسلم لیگ کے سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چودھری پرویزالٰہی نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ اور پی ٹی آئی کے کارکن اپنے مشترکہ سیاسی دشمن کو پہچانیں اس کی سازشوں پر نظر رکھیں اور اس کی چالوں سے بچیں۔ وہ تلہ گنگ میں قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 65 سے اپنے کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد میڈیا اور وہاں بڑی تعداد میں موجود رہنماؤں و کارکنوں سے گفتگو کر رہے تھے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے تلہ گنگ کے عوام کی مثالی خدمت کی، یہاں کے عوام ہمارے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور وہ انشاء اللہ ہمیں بھاری اکثریت سے کامیاب کرائیں گے کیونکہ ن لیگ نے تلہ گنگ میں بھی فرضی وعدوں اور جھوٹے دعوؤں کے سوا کچھ نہیں کیا، یہاں پر پاکستان مسلم لیگ اور پی ٹی آئی میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہو گئی ہے، اللہ کے فضل اور عوام کی حمایت سے جیت ہماری ہوگی، ہم نے ماضی میں نہ صرف اس حلقہ بلکہ ضلع کی مثالی خدمت کی، تلہ گنگ سٹی ہسپتال، چکوال سے میانوالی اور اکوال سے شاہ محمد والی اور پنچند تک سڑکیں تعمیر کروائیں، انشاء اللہ کامیابی کے بعد قصبہ لاوہ کو گیس کی فراہمی کے علاوہ بلکسر سے میانوالی تک ون وے روڈ بھی بنوائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں پورے ملک کی طرح تلہ گنگ میں بھی ہمارا الیکشن چرا کر میرے اس حلقہ کے عوام کے مینڈیٹ پر ڈاکہ ڈالا گیا، تلہ گنگ کو اپنا دوسرا گھر سمجھتا ہوں، حافظ عمار یاسر نے ہمیشہ اس علاقہ کے عام آدمی کا مقدمہ لڑا ہے، تمام دیگر پسماندہ اور غریب علاقوں کی طرح اس علاقہ کی ترقی، تعلیمی و طبی سہولتوں، گیس، بجلی کی فراہمی اور بیروزگاری و غربت کا خاتمہ ہمارا مشن ہے اور میری وزارتِ اعلیٰ کے دوران یہی ہماری پہلی ترجیح اور ویژن تھا جس کے باعث ہم نے عام اور غریب آدمی کی مثالی خدمت کی اور ریکارڈ فلاحی کام کیے۔

دوسری جانب مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل و سابق ایم این اے طارق بشیر چیمہ کے کاغذات نامزدگی بہاولپور سے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 171 اور مونس الٰہی کے حلقہ این اے 172 سے کاغذات نامزدگی منظور ہو گئے ہیں۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات