لاہور ، مختلف واقعات میں میاں بیوی اور بچے سمیت 5افراد جاں بحق ، لاشیں پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل

گلبرگ میں ندیم ،اسکی بیوی نیلم اور بیٹے فائق کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا ، پولیس نے شواہد اکٹھے کر کے تفتیش شروع کر دی ہڈیارہ میں بد بخت بیٹے نے 80سالہ ماں کو لوہے کے اوزار مار کر قتل کیا ، ڈیفنس میں دو گروپوں میں فائرنگ سے سکیورٹی گارڈ انور ہلاک

جمعرات 14 جون 2018 17:18

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) صوبائی دارلحکومت کے علاقہ گلبرگ میں میاں بیوی اور بچے کو تیز دھار آلے کے وار کر کے قتل کر دیا گیا ، ہڈیارہ کے علاقہ میں بد بخت بیٹے نے اپنی ماں کو موت کے گھاٹ اتار دیا جبکہ ڈیفنس سی میں دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجے میں سکیورٹی گارڈ جاں بحق ہو گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ گلبرگ کے علاقہ میں واقع ایک گھر سے میاں بیوی اور بیٹے کی لاشیں ملیں ۔

اطلاع ملنے پر پولیس کی نفری موقع پر پہنچ گئی اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے لاشیں پوسٹمارٹم کے لئے بھجوا دیں ۔ پولیس کے مطابق 45سالہ ندیم احمد بٹ ، اسکی بیوی 35سالہ نیلم ندیم اور بیٹے 9سالہ فائق کو تیز دھار آلے سے قتل کیا گیا ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ گھر کا سامان بکھرا ہوا تھا ، جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر کے مختلف پہلوئوں سے تفتیش شروع کر دی گئی ہے ۔

(جاری ہے)

واقعے سے علاتے میں سوگ کی فضاء چھا گئی۔اہل علاقہ کا کہنا تھا کہ ندیم بٹ کی کسی سے کوئی دشمنی نہیں تھی ۔دوسری جانب پولیس سٹیشن ہڈیارہ کی حدود میں بیٹے نے 80سالہ ماں کو لوہے کا اوزار مار کر قتل کردیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مقتولہ کوڑی بی بی کا بیٹے کے ساتھ تنازعہ تھا،لواحقین کا کہنا ہے کہ ملزم کو شبہ تھا کہ اس کی ماں نے اس پر جادو کروا دیا ہے۔پولیس نے لاش مردہ خانے منتقل کر دی ۔پولیس کے مطابق تحقیقات کی جاری ہے جلد حقائق سامنے آئیں گے۔جبکہ ڈیفنس سی کے علاقہ میں پراپرٹی کے تنازعہ پر دو گروپوں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے نتیجے میں ڈیفنس کا سکیورٹی گارڈ ہلاک ہوگیا ۔پولیس کے مطابق مقتول انور لاش کو ممردہ خانے منتقل کر کے مزید کارروائی شروع کر دی گئی ہے ۔