Live Updates

پرویز مشرف عدالتی مہلت کے باوجود پاکستان نہ آسکے، واپس آنے کیلئے وقت مانگ لیا

سپریم کورٹ نے کاغذات نامزدگی منظور کرنے کی عبوری اجازت واپس لے لی

جمعرات 14 جون 2018 17:45

پرویز مشرف عدالتی مہلت کے باوجود پاکستان نہ آسکے، واپس آنے کیلئے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2018ء) جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف عدالتی مہلت کے باوجود پاکستان نہ آسکے اور ملک واپس آنے کیلئے وقت مانگ لیا۔ سپریم کورٹ نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے پیش نہ ہونے پر کاغذات نامزدگی منظور کرنے کی عبوری اجازت واپس لے لی۔ چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار کی سربراہی میں چار رکنی فل بنچ نے جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے ملک واپسی کے معاملے پر سماعت ہوئی. جنرل ریٹائرڈ پرویز مشرف کے وکیل قمر افضل نے بنچ کو آگاہ کیا کہ پرویز مشرف نے عدالت میں پیش ہونے کیلئے وقت مانگاہے۔

وکیل کے مطابق پرویز مشرف پاکستان آنے کا ارادہ رکھتے ہیں لیکن عید کی تعطیلات اور موجودہ حالات کی وجہ سے سفر نہیں کر سکتے۔ سپریم کورٹ کے فل بنچ نے گزشتہ روز جنرل پرویز مشرف کو عدالت میں پیش ہونے کیلئے آج دوپہر دو بجے تک کی مہلت دی تھی لیکن سابق جنرل پرویز مشرف نے پیش ہونے کے بجائے مزید مہلت کی استدعا کر دی۔

(جاری ہے)

فل بنچ نے پرویز مشرف کے پیش نہ ہونے پر کاغذات نامزدگی منظور کرنے کی عبوری اجازت واپس لے لی ۔

چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں فل بنچ نے پرویز مشرف کے ملک واپسی کے معاملے پر کارروائی غیر معینہ مدت کیلئے ملتوی کردی اور ہدایت کی کہ دوبارہ درخواست دینے پر معاملہ پر کارروائی کی جائے گی۔ سپریم کورٹ کے کاغذات نامزدگی کے بارے عبوری حکم واپس لینے پر پرویز مشرف کے عام انتخابات میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔
Live عید الفطر سے متعلق تازہ ترین معلومات