پیپلز پارٹی کو مخالفین کی کوئی ضرورت نہیں، اس کی احمقانہ پالیسیاں ہی اسے لے ڈوبیں گی، فردوس شمیم نقوی

جمعرات جون 18:05

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کو مخالفین کی کوئی ضرورت نہیں، اس کی احمقانہ پالیسیاں ہی اسے لے ڈوبیں گی۔ ایک طرف موروثی بنیادوں پر ٹکٹ جاری کیے جا رہے ہیں اور دوسری طرف آصفہ بھٹو کی وجہ سے خواتین کی مخصوص نشست کے لیے انگریزی بولنا لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔

انہوںنے یہ باتیں پارٹی سیکرٹریٹ ’’انصاف ہائوس‘‘ کراچی سے جاری کردہ اپنے ایک خصوصی بیان میں کہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ اندھا بانٹے ریوڑیاں اور اپنوں کو دے کے مصداق پیپلز پارٹی کے رہنما آصف علی زرداری اپنے پورے خاندان کو حکومت میں لانے پر کمربستہ ہیں۔ ان کو معلوم نہیں کہ سندھ کے عوام باشعور ہوچکے ہیں، اب کس نشست پر آپ کا کون سا رشتے دار امیدوار ہے، یہ سب کو معلوم ہے۔

(جاری ہے)

اس بار پورے سندھ سے پی پی بہت بری طرح ہارنے والی ہے۔ دس سالہ دورِ حکومت میں پی پی نے جو گل کھلائے ہیں، ان کی خوشبو آج تک پورے سندھ کو محسوس ہو رہی ہے۔ عوام پھولوں کے ہار لے کر نہیں بلکہ انڈے اور ٹماٹروں سے آپ کا استقبال کریں گے۔ پی پی کے رہنما پورے سندھ سے منہ چھپاتے پھریں گے اور منہ چھپانے کے لیے بھی جگہ شاید دستیاب نہ ہو۔ پی پی والوں کو میرا مشورہ ہے کہ براہِ کرم لوگوں کو بے وقوف بنانا چھوڑ دیں۔ بطخ کی طرح ریت میں گردن چھپا لینے سے حقیقت بدل نہیں جائے گی۔ پیپلز پارٹی کا کوئی سیاسی مستقبل نہیں اور زرداری صاحب کا مستقبل مستقل جیل میں ہے۔ عوام پی پی سے لوٹے گئے ایک ایک پیسے کا حساب لیں گے اور پاکستان تحریک انصاف پی پی کو سندھ میں بہت بری طرح ہرائے گی۔