مقبوضہ کشمیر ، بھارتی فوج کی ریاستی دہشت گردی جاری ،2نہتے معصوم کشمیری شہید

جمعرات 14 جون 2018 18:11

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی اشتعال انگیزیاں اور بربریت جاری ہے،بھارتی فوج نے فائرنگ کر کے دو نہتے معصوم کشمیریوں کو شہید کر دیا۔کشمیری میڈیا کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی جاری ہے جہاں قابض فوج نے ایک بار پھر اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئیدو نہتے کشمیریوں کو شہیدکردیا ہے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ وادی کے ضلع باندی پورہ میں بھارتی فوج نے کارروائی کرتے ہوئے مزید دو کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا۔بھارتی قا بض فوج کا جعلی آپریشن گذشتہ چھ روز سے جاری تھا۔دوسری طرف بھارتی آرمی چیف بپن راوت نے مقبوضہ کشمیر میں فوجی طاقت کے ذریعے جدوجہد آزادی کچلنے میں ناکامی کا اعتراف کرلیا۔

(جاری ہے)

بھارتی اخبار کو انٹرویو دیتے ہوئے بھارتی آرمی چیف نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بندوق کے استعمال سے زیادہ بات چیت کو موقع دینا چاہیئے۔

بھارتی آرمی چیف کاکہناتھا کہ مقبوضہ کشمیر میں ہم جتنے کشمیریوں کو شہید کرتے ہیں اس سے زیادہ جدوجہد آزادی میں شامل ہوجاتے ہیں، اب مقبوضہ کشمیرمیں امن کو موقع دینا چاہیئے۔بپن راوت کاکہناتھا کہ چین کے ساتھ ڈوکلام سرحد کا معاملہ بہتر ہوگیا ہے، چین کے ساتھ ہاٹ لائن پر رابطے میں مشکلات ہیں چونکہ ان کے پاس مترجم نہیں ہوتا۔