حوثیوں نے الحدیدہ کو حوالے کرنے کی تمام سیاسی کوششیں ناکام بنا دیں،عرب اتحاد

انخلا کی ڈیڈ لائن کو یکسر نظر انداز کیا، الحدیدہ میں فوجی کارروائی میں شہریوں کی حفاظت کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے،المالکی

جمعرات 14 جون 2018 18:11

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2018ء) عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثیوں نے الحدیدہ کو حوالے کرنے کی تمام سیاسی کوششیں ناکام بنا دیں،حوثیوں نے انخلا کی ڈیڈ لائن کو بھی یکسر نظر انداز کر دیا، الحدیدہ میں فوجی کارروائی میں شہریوں کی حفاظت کا خاص خیال رکھا جا رہا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق عرب اتحاد کے ترجمان کرنل ترکی المالکی نے کہا ہے کہ حوثی شیعہ باغیوں نے یمن کے مغربی شہر الحدیدہ کو پرامن طریقے سے سرکاری فوج کے حوالے کرنے کے لیے تمام سیاسی کوششیں ناکام بنا دی ہیں ۔

حوثی ملیشیا نے الحدیدہ سے انخلا کے لیے دی گئی ڈیڈ لائن کو بھی درخور اعتنا نہیں سمجھا ہے اور اس کو یکسر نظرانداز کیا ہے۔انھوں نے بتایا کہ یمنی فوج عرب اتحاد کی مدد سے تمام محاذوں پر پیش قدمی کررہی ہے اور بالخصوص وہ الحدیدہ کے ہوائی اڈے کی جانب بڑھ رہی ہے۔

(جاری ہے)

حوثیوں نے یمنی فوج کی پیش قدمی کو روکنے کے لیے شہر کے نواح میں اور ارد گرد بڑی تعداد میں بارودی سرنگیں بچھا دی ہیں۔

کرنل ترکی المالکی نے الحدث کو بتایا کہ ہم حوثی ملیشیا کی بارودی سرنگوں کی تنصیب کے بعد بڑی احتیاط سے الحدیدہ کی جانب بڑھ رہے ہیں تاکہ شہریوں کی زندگیوں کو بچایا جاسکے۔ان کا کہنا ہے کہ حوثی شہریوں کو الحدیدہ سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔اس کے پیش نظر ہم نے تمام پہلووں کو ملحوظ رکھ کر ایک مربوط پلان ترتیب دیا ہے۔ ان کے بہ قول تمام محاذوں پر حوثیوں کو بڑی تعداد میں قیدی بنا لیا گیا ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ الحدیدہ میں ہم نے انسانی اور امدادی سرگرمیوں کے لیے ایک منصوبہ ترتیب دیا ہے۔انھوں نے واضح کیا کہ الحدیدہ شہر مغربی ساحلی علاقے میں واقع یمن کے باقی صوبو ں کی حوثی باغیوں کے قبضے سے آزادی کے لیے ایک نقطہ آغاز ہوگا۔یمنی فوج اور عوامی مزاحمتی فورسز نے بدھ کی صبح عرب اتحاد کی مدد سے الحدیدہ شہر اور اس کی بندرگاہ کو حوثیوں کے قبضے سے واگزار کرانے کے لیے سرکاری طور پر سنہری فتح کے نام سے فیصلہ کن معرکے کا آغاز کیا ہے۔یمن کے ایک فوجی ذریعے کا کہنا ہے کہ عرب اتحاد کی فضائی اور بحری مدد سے ایک سے زیادہ اطراف سے الحدیدہ کی جانب پیش قدمی کی جارہی ہے ۔

متعلقہ عنوان :