ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے فیملی پارکس کے مالکان سے کسی بھی حادثے کی صورت میں ذمہ دار ٹہرانے کا حلف لے لیا

جمعرات جون 18:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 جون2018ء) ڈپٹی کمشنر کوہاٹ خالد الیاس کی ہدایت پرایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر صاحبزادہ سمیع اللہ نے تحصیلدارگمبٹ کے ہمراہ جمعرات کے روز شرقی سرکل میں واقع رائل گرین فیملی پارک بہادر کوٹ اورصحبت خان فیملی پارک نزد تبلیغی مرکز کادورہ کیا اور وہاں پر نصب مختلف تفریحی آلات کا فزیکل معائنہ کیااور انہیں چالو حالت میں پایا۔

(جاری ہے)

سمیع اللہ نے عیدالفطر کے موقع پر تفریحی مقامات پر کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے مذکورہ فیملی پارکس کے مالکان اور کیئر ٹیکرز سے ملاقات کی اور انہیںحکومت خیبر پختونخوا کے احکامات کی روشنی میں جھولوں اور تفریح کے دیگر سامان کومقرر کردہ گائیڈ لائنزاور معیار کے مطابق رکھنے کی سختی سے ہدایت کی ۔انہوں نے اس موقع پر دونوں پارکس کے مالکان سے تفریحی آلات کو صحیح حالت میں رکھنے اور کسی بھی حادثے کی صورت میں ذمہ دار ٹہرانے کا حلف بھی لیا۔ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنرنے متنبہ کیا کہ پارکس مالکان قیمتی انسانی جانوں کا خاص خیال رکھیں اور اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی کا مظاہرہ نہ کریں بصورت دیگر ان کے خلاف سخت کارروائی ہوگی۔