پشاورپولیس نے شراب پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناکر ملزم کو گرفتار کرلیا

جمعرات 14 جون 2018 18:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) پشاورپولیس نے کامیاب کارروائی کے دوران بھاری مقدار میں شراب پنجاب سمگل کرنے کی کوشش ناکام بناتے ہوئے ایک ملزم کو گرفتار کرکے اسکے قبضے سے بھاری مقدار میں شراب اور دو کلو گرام اعلی کوالٹی چرس برآمد کرکے گاڑی سمیت حوالات منتقل کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق ایس پی سٹی ڈویژن شہزادہ کوکب فاروق کو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ کسی بھی وقت علاقہ تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود میں بھاری مقدار میں شراب سمگل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

جس کومصدقہ جانتے ہوئے ڈی ایس پی فقیر آباد طاہر دائوڑنے فوری طور پر تھانہ پہاڑی پورہ کی حدود میں خصوصی ناکہ بندیاں کرنے کی ہدایت کی ، جس کے دوران ایس ایچ او تھانہ پہاڑی پورہ بمعہ دیگر نفری پولیس دوران پور رنگ روڈ پر ناکہ بندی کے دوران مشکوک موٹر کار JV-788 برنگ سفید کو روک کر تلاشی لینے پر گاڑی کے خفیہ خانوں سے 140بوتل شراب اور 2 کلو گرام اعلی کوالٹی چرس برآمد کرکے ملزم جمیل خان ولد عبد الوکیل سکنہ دلازاک روڈ فیصل کالونی کو گرفتار کرکے گاڑی سمیت حوالات منتقل کیا۔

(جاری ہے)

جبکہ دیگر کارروائیوں کے دوران تھانہ مچنی گیٹ اور حیات آباد پولیس نے دو ملزمان محمد اسماعیل ولد یحیٰ ساکن تہکال بالا اور اظہار ولد مجید خان کو گرفتار کرکے مجموعی طور پرانکے قبضے سے 7000 چائنہ پٹاخے برآمد کرکے ایک موٹر کار نمبریD.9494 بھی قبضہ پولیس میں لے کر حسب ضابطہ کارروائی کرتے ہوئے انکے خلاف مقدمات درج رجسٹر کئے گئے۔