پشاور،عیدالفطر کے دوران امن و امان برقرار رکھنے کی خاطر فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل

حساس مساجد اوراہم مقاما ت پر3ہزارپولیس نفری تعینات،داخلی وخارجی راستوں پر سکیورٹی الرٹ،چھٹیاں منسوخ

جمعرات 14 جون 2018 18:49

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر قاضی جمیل الرحمن نے عیدالفطر کے دوران امن و امان کو برقرار رکھنے کی خاطر فول پروف سیکیورٹی پلان تشکیل دیتے ہوئے عید گاہوں، تمام حساس مساجد ، تفریحی مقامات ، اہم دفاتر، بازاروں اور بس سٹینڈ وغیرہ کی سیکیورٹی پر 3000 سے زائد اہلکار تعینات کرنے کے احکامات جاری کر دئیے۔

کیپیٹل سٹی پولیس آفیسر کے دفتر سے جاری ہونے والے اعلامیہ کے مطابق شہر بھر کے تمام عید گاہوںاور حساس مساجد سمیت تفریحی مقامات، اہم دفاتر، بازاروں اور بس سٹینڈز کے علاوہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر سیکیورٹی ہائی الرٹ کرتے ہوئے 3000 سے زائدافسران و اہلکاران تعینات کرنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔بدھ کے روز جاری ہونے اعلامیہ کے مطابق شہر کے گنجان آبادبازاروں میں سنیفرڈاگز، لیڈیز پولیس اہلکاراور بم ڈسپوزل سکواڈ کے علاوہ سٹی پٹرولنگ فورس اور پولیس بکتر بند گاڑیاں بھی گشت کریں گی۔

(جاری ہے)

اعلامیہ کے مطابق تمام اہم بازاروں میں گھڑ سوار اہلکاروں کے علاوہ سپیشل کمبیٹ یونٹ کے اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے۔عید گاہوں اور تمام حساس مساجد میں باوردی اہلکاروں کے علاوہ سادہ لباس میں ملبوس اہلکار بھی تعینات کئے جائیں گے۔ایس ایس پی آپریشن جاوید اقبال نے تمام ڈویژنل ایس پیز اور ایس ڈی پی اوز کو سیکیورٹی پلان پر سختی سے عمل درآمد کرنے اور عیدالفطر کے دوران امن و امان کو بر قرار رکھنے کی خاطر ضروری اقدامات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماج دشمن عناصر پر بھی کڑی نظر رکھنے کی ہدایت کی۔