خیبر پختونخوا کے نئے انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد طاہرنے حلف اٹھالیا

پولیس فورس کوناقابل تسخیر بنانے کیلئے خلوص نیت اور سخت محنت کو شعار بنانا ہوگا ،آئی جی پی محمد طاہر

جمعرات 14 جون 2018 18:51

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) خیبر پختونخوا کے نئے انسپکٹر جنرل آف پولیس محمد طاہر نے سنٹرل پولیس آفس پشاور میں ایک غیر رسمی تقریب میں اپنے عہدے کا چارج سنبھال لیا۔ پولیس ہیڈ کوارٹرزپہنچنے پرڈی آئی جی آپریشنز نے انہیں خوش آمدید کہااورپولیس کے ایک چاق و چوبند دستے نے انہیں سلامی پیش کی۔ اس موقع پر نئے آئی جی پی نے شہداء کی یاد گار پر پھول بھی چڑھائے ۔

بعد ازاں سنٹرل پولیس آفس میں تعینات اعلیٰ پولیس حکام کے تعارفی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہا کہ وہ ہمیشہ ٹیم ورک پر یقین کرکے چلے آئے ہیں اور آزمائش کی اس گھڑی میں بھی ہم سب کو ایک ٹیم کے طور پر کام کرنا ہوگا اور ہر ایک کو اپنی بہترین صلاحیتوں کو بروئے کار لاکر اپنے اپنے متعلقہ شعبوں /یونٹوں میں اس کا عملی مظاہرہ کرنا ہوگا۔

(جاری ہے)

ہم سب کو ریاست کا وفا دار بننا ہوگا اس کے لیے ہمیںاپنی ذمہ داریوںپر فوکس کرنا ہوگااور ہر ایک کو عوام کے وابستہ توقعات پر پورا اُترنا ہوگا ۔پولیس فورس کی قربانیوں کا ذکر کرتے ہوئے پولیس سربراہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس بے پناہ صلاحیتوں سے مالا مال فورس ہے اور اسمیں ہر چیلنج سے نمٹنے کی صلاحیت بدرجہ اتم موجود ہے۔ اور اس نے دہشت گردی کے خلاف جس دلیری اور شجاعت کے ساتھ مقابلہ کیا اسکی مثال پوری تاریخ میں نہیں انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا پولیس کی بحیثیت سپہ سالار تعیناتی کو وہ اپنے لیے اعزاز او ر امتحان سمجھتے ہیں۔

اور اس میں سرخرو ہونے کے لیے فورس کے تمام افسروں و جوانوں کو میرا دست وبازو بننا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پولیس فورس کو ناقابل تسخیر بنانے کے لیے ہمیں خلوص نیت ، دیانتداری اور سخت محنت کو اپنا شعار بنانا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ فورس کی بہتری کے لیے ہر فرد کی کاوشوں کو قدر کی نگاہ سے دیکھا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :