وزیراطلاعات کا جناح بس ٹرمینل ٹھوکرنیازبیگ کا اچانک دورہ،مسافروں کی شکایات سنیں

احمد ریاض وقاص نے گاڑیوں کی کمی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر کو اضافی گاڑیاں منگوانے کی ہدایت کی

جمعرات 14 جون 2018 18:54

وزیراطلاعات کا جناح بس ٹرمینل ٹھوکرنیازبیگ کا اچانک دورہ،مسافروں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) وزیراعلی پنجاب حسن عسکری رضوی کی ہدایت پر نگران وزیراطلاعات و ثقافت احمد وقاص ریاض نے جناح بس ٹرمینل ٹھوکرنیازبیگ کا اچانک دورہ کیا اور مسافروں کی شکایات سنیں-عیدالفطر کے رش اور اوورچارجنگ کے مسائل سے نمٹنے کے لئے صوبائی وزیر نے مختلف روٹس پرچلنے والی گاڑیوں کے مسافروں سے بات چیت کی - بعض مسافروں نے شکایت کی کہ پتوکی کے لئے گاڑیاں دستیاب نہیں -احمد ریاض وقاص نے گاڑیوں کی کمی کا فوری نوٹس لیتے ہوئے ایڈمنسٹریٹر جناح بس ٹرمینل کو اضافی گاڑیاں منگوانے کی ہدایت کی- انہوں نے خبردار کیا کہ مسافروں سے مقررہ کرائے سے زائد وصول کرنے والے ٹرانسپورٹرز کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی- وزیر اطلاعات نے ایڈمنسٹریٹر کو یہ ہدایت بھی کی کہ وہ چاند رات کو بس ٹرمینل پر ہی موجود رہیں اور کسی شکایت کی صورت میں فوری ازالہ کریں۔