جامعہ کراچی،9 افسران کی گریڈ 20 میں ، 28 افسران کی گریڈ 19 جبکہ 5 افسران کی گریڈ 18 میں ترقی

جمعرات 14 جون 2018 19:07

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 جون2018ء) جامعہ کراچی کے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد اجمل خان نے کہا کہ کسی بھی شعبہ کی ترقی میں ملازمین کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہوتاہے ،ہمیں دھرنوں اور احتجاج میں وقت ضائع کرنے کے بجائے جامعہ کراچی کی ترقی کے لئے کام کرناچاہیئے اور مل بیٹھ مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے۔جامعہ کراچی کے نامساعد مالی حالات کے باوجود میری پوری کوشش ہوتی ہے کہ جامعہ کے تمام ملازمین کو زیادہ سے زیادہ سہولیات فراہم کی جائیں ۔

ادارے کی اصل طاقت ملازمین ہیں اور ملازمین کو چاہیئے کہ وہ محنت ،لگن اور ایمانداری سے اپنے فرائض منصبی سرانجام دیں اور ادارے کی ساکھ کو بحال کرنے کے لیے میرا بھرپور ساتھ دیں ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے شعبہ جاتی ترقی کمیٹی کی سفارشات پر افسران کو دی جانے والی ترقی کے خطوط کی تقسیم کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب کا اہتمام وائس چانسلر سیکریٹریٹ جامعہ کراچی میں کیا گیا تھا۔

تقریب میں 09 افسران کو گریڈ 20 میں ترقی جبکہ 28 افسران کو گریڈ 19 میں ترقی اور 05 افسران کو گریڈ 18 میں ترقی دی گئی ۔شیخ الجامعہ ڈاکٹر اجمل خان نے مزید کہا کہ جس ادارے میں ملازمین سے کام لیا جائے مگر ان کو ان کے جائز حقوق بشمول ترقی ،اور دیگر مراعات سے محروم رکھا جائے ،ایسے ملازمین مایوس ہوکر ادارے کی ترقی میں اپنا کردار اداکرنے سے قاصر رہتے ہیں۔

صرف وہ ہی ادارے کامیاب ہوتے ہیں جن میں ملازمین کو ان کی خدمات اور صلاحیتوں کا جائز صلہ ملتاہے،میری بطور سربراہ ادارہ یہ ذمہ داری ہے کہ جامعہ کے ایک ایک ملازم کے حقوق کا تحفظ کروں اور انہیں ان کے جائز حقوق کی فراہمی کو یقینی بنائوں ۔مجھے امید ہے کہ میری اس کاوش کو ملازمین قدر کی نگاہ سے دیکھیں گے اور ذاتی فائدے یا مراعات کے بجائے ادارے کی ترقی کو فوقیت دیتے ہوئے شب وروز جانفشانی سے اپنی ذمہ داریاں مزید دیانت داری اور فرض شناسی سے اداکریں گے۔

اس موقع پر رجسٹرار جامعہ کراچی پروفیسر ڈاکٹر ماجد ممتاز،رئیس کلیہ علم الادویہ پروفیسر ڈاکٹر اقبال اظہر،رئیس کلیہ نظمیات وانتظامی علوم پروفیسر ڈاکٹر طاہر علی،اراکین سنڈیکیٹ سید غفران عالم،ڈاکٹر صالحہ رحمن اورڈاکٹر محسن علی بھی موجودتھے۔

متعلقہ عنوان :