عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی پولٹری مافیا نے مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافہ کردیا

جمعرات 14 جون 2018 19:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2018ء) عیدالفطر کی آمد کے ساتھ ہی پولٹری مافیا نے مرغی کے گوشت کی قیمت میں اضافہ کردیا ہے، ایک ہی دن میں مرغی کی قیمت میں 16روپے اور مرغی کے گوشت کی قیمت میں25 روپے کا اضافہ کردیا گیا ہے۔کراچی میں ایک بار پھر مرغی کے گوشت کی قیمت بچھیے کے گوشت کی سرکاری قیمت سے تجاوز کرگیا ہے، بچھیے کے گوشت کی سرکاری قیمت 300 روپے مقرر ہے جبکہ مرغی کے گوشت کی سرکاری قیمت 310 روپے تک پہنچ گئی ہے جس میں چاند رات تک مزید اضافے کا امکان ہے۔

کمشنر کراچی کی جانب سے 13 جون کو جاری کردہ پولٹری نرخ نامے کے مطابق زندہ مرغی کی قیمت 200 روپے جبکہ برائلر مرغی کے گوشت کی قیمت 310 روپے مقرر کی گئی ہے، جون میں مرغی کے گوشت کی قیمت میں 59 روپے فی کلو تک اضافہ ہوچکا ہے۔

(جاری ہے)

دکانداروں کے مطابق پولٹری فارمرز اور ہول سیلرز کو لگام نہ دی گئی تو چاند رات تک مرغی کے گوشت کی قیمت 350روپے تک پہنچ جائیگی، شہر کے مختلف علاقوں میں مرغی کی دکانوں پر پہلے ہی سرکاری نرخ سے بھی زائد قیمت پر مرغی فروخت کی جارہی ہے۔

شہریوں نے نگراں وزیر اعلیٰ سے اپیل کی ہے کہ عید پر گراں فروشی کی روک تھام کے لیے شہری انتظامیہ کو سخت احکامات جاری کیے جائیں مرغی کی قیمت بڑھنے کے اسباب کا پتہ لگایا جائے اور مصنوعی مہنگائی بڑھانے اور گراں فروشوں کی سرپرستی کرنے والے سرکاری ملازمین کے خلاف بھی قانون کو حرکت میں لایا جائے۔