محکمہ جنگلی حیات سندھ نے شاہد آفریدی کے گھر شیر کی موجودگی کانوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف تحقیقات کاحکم دے دیا

جمعرات 14 جون 2018 19:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2018ء) محکمہ جنگلی حیات سندھ نے شاہد آفریدی کے گھر شیر کی موجودگی کانوٹس لیتے ہوئے ان کے خلاف تحقیقات کاحکم دے دیا۔چندروز قبل شاہد آفریدی نے سوشل میڈیا پر دو تصاویر شیئر کی تھیں جن میں سے ایک تصویر میں شاہد آفریدی کے گھر میں شیر نظر آرہا تھا۔ ان تصویروں کی وجہ سے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا ہوگیا اور صارفین نے انہیں اس قدر تنقید کا نشانہ بنایا کہ محکمہ جنگلی حیات سندھ نے بھی ان کے گھر میں شیر کی موجودگی کانوٹس لیتے ہوئے معاملے کی تحقیقات کا حکم دے دیا۔

محکمہ سندھ جنگلی حیات کے نگران تاج محمد شیخ کا کہنا ہے کہ انہوں نے شاہد آفریدی کے گھر میں شیر کی موجودگی پر تحقیقات کا حکم دیاتھااور اگر شاہد آفریدی مجرم ثابت ہوتے ہیں تو ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

تاج محمدشیخ سے جب پوچھا گیا کہ شاہد آفریدی کے خلاف کیا کارروائی کی جائے گی تو انہوں نے کہا کہ شاہد آفریدی کو اس حوالے سے خبردار کیا جاسکتا ہے اور ان پر جرمانہ بھی لگایا جاسکتا ہے کیونکہ گھر میں جنگلی جانور رکھنا خطرناک ہوسکتا ہے۔

واضح رہے کہ تصویر میں شاہد آفریدی کی بیٹی اپنے والد کی طرح پوز بنائے کھڑی ہے اور اس کے پیچھے ایک افریقن شیر گھر میں زنجیر سے بندھا نظر آرہا ہے۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ایک اور تصویر میں شاہد آفریدی شیر کے بالکل قریب فرش پر بیٹھے ہیں اور ان دونوں کے درمیان کوئی رکاوٹ نظر نہیں آرہی۔#