اللہ تعالیٰ نے قرآن کو ہماری راہنمائی اور نجات کا ذریعہ بنایاہے، بشیراحمدماندائی

جمعرات 14 جون 2018 20:56

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 14 جون2018ء) جماعت اسلامی کے صوبائی نائب امیر بشیراحمدماندائی نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے قرآن کو ہماری راہنمائی اور نجات کا ذریعہ بنایاہے اب اس سے راہنمائی حاصل کرنا اور اپنی دنیا و آخرت کو سنوارنا ہماری ذمہ داری ہے ۔ قرآن پاک کی وجہ سے امت کو سربلندی عطا ہوئی ہے، مغرب نے قرآن کی توہین اور قرآن پر مقدمات قائم کر کے نعوذ باللہ اسے دہشت گردی کو فروغ دینے والی کتاب ثابت کرنے کی کوشش کی مگر آج سارا مغرب اور یورپ یہ تسلیم کررہاہے کہ دنیا میں امن کا اگر کوئی حقیقی پیغام ہے تو وہ قرآن کریم ہے یہی وجہ ہے کہ قرآن نہ صرف مسلم ممالک بلکہ غیر مسلم اور اسلام دشمن معاشروں میں بھی اپنا ایک مقام بنارہاہے ۔

انہوں نے کہاکہ قرآن کی روشن تعلیمات پر عمل کرنے ، قرآن کو حفظ کرنے اور قرآن پر ایمان لانے والوں کی تعداد میں مسلسل اضافہ ہورہاہے ، آئین پاکستان میں قرآن و سنت کی بالادستی کو تسلیم کیا گیاہے اور قرآن و سنت کے منافی کوئی قانون بنانے کی اجازت نہیں مگر یہاں لاقانونیت کی انتہا ہے کہ آئین سے بغاوت کی جارہی ہے ، ملک میں سودی نظام ہے جس کی وجہ سے معیشت زبوں حالی سے دوچار ہے اور عام آدمی معاشی تنگ دستی اور غربت کاشکار ہے ۔

(جاری ہے)

قوم کو اب مزید دھوکے اور فریب میں مبتلا رہنے اور لٹیروں کو گردنوں پر سوار کرنے کی بجائے متحدہ مجلس عمل کی دیانتدار قیادت کا ساتھ دینا ہوگا ۔ نوے فیصد سے زائد لوگ ملک میں شریعت کا نفاذ چاہتے ہیں اب ان لوگوں کو متحد ہو کر ایم ایم اے کے امیدواروں کو کامیاب کراناہوگا تاکہ پاکستان کو اس کے قیام کے حقیقی مقصد سے ہمکنار کیا جاسکے ۔