امریکی و بھارتی لابی نواز شریف کی پشت پناہی کر رہی ہے،صاحبزادہ حامد رضا

لبرل سیکولر عناصر ن لیگ کی کھل کر حمایت کر رہے ہیں۔ دینی طبقہ کی نفرت ن لیگ کی شکست کا سبب بنے گی۔ اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والا کوئی فرد ن لیگ کو ووٹ نہیں دے گا۔ الیکشن میں ن لیگ کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔ قوم نواز شریف کے بیانیہ کو شیطانیہ سمجھتی ہے، چیئرمین سنی اتحاد کونسل

جمعرات 14 جون 2018 21:08

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 جون2018ء) سنی اتحاد کونسل کے چیئرمین اور نظام مصطفے متحدہ محاذ کے سیکریٹری جنرل صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ امریکی و بھارتی لابی نواز شریف کی پشت پناہی کر رہی ہے۔ لبرل سیکولر عناصر ن لیگ کی کھل کر حمایت کر رہے ہیں۔ دینی طبقہ کی نفرت ن لیگ کی شکست کا سبب بنے گی۔ اسلام اور پاکستان سے محبت کرنے والا کوئی فرد ن لیگ کو ووٹ نہیں دے گا۔

الیکشن میں ن لیگ کے امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوں گی۔ قوم نواز شریف کے بیانیہ کو شیطانیہ سمجھتی ہے۔ شریف خاندان نے اقتدار کو لوٹ مار کا ذریعہ بنا کر پانچ براعظموں میں جائیدادیں بنا لی ہیں۔ مادر وطن پر اپنی جانیں قربان کرنے والی فوج کو خلائی مخلوق کہنے والے ملک دشمن ہیں۔ نواز شریف ڈالروں میں ارب پتی ہے۔

(جاری ہے)

کرسی اور کمیشن کی سیاست کو دفن کرنے کا وقت آ گیا ہے۔

ہمارے کارکنان ن کے ہر قارون کا مقابلہ جنون سے کریں گے۔ ن لیگ سیاست بذریعہ دولت اور دولت بذریعہ سیاست کی علمبردار ہے۔ موجودہ الیکشن میں ن لیگ کی نوٹوں کی گندی سیاست ہمیشہ کے لئے ختم ہو جائے گی۔ سیاست کے فرعون عبرت کا نشان بننے والے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے سنی اتحاد کونسل کے الیکشن سیل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ مودی کے یار ملک کے غدار ہیں۔

نواز شریف فوج اور عدلیہ کو تباہ کرنے پر تلا ہوا ہے۔ قوم فوج اور عدلیہ کی کارکردگی سے مطمئن ہے۔ نواز شریف خود فوجی گملوں کی پیداوار ہے۔ جنرل ضیا کی گود میں پروان چڑھنے والے آج جمہوریت کے چیمپئن بنے ہوئے ہیں۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ منظور پشتین پاکستان دشمن عالمی طاقتوں کا مہرہ بن چکا ہے۔ پاک فوج کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والے بھارتی ایجنٹ ہیں۔

دہشت گردی کے پیچھے وردی نہیں امریکہ اور بھارت ہے۔ پاک فوج نے دہشت گردی کے خاتمے کے لئے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔ پاک فوج کی قربانیوں کے نتیجے میں فاٹا، بلوچستان اور کراچی میں حکومتی رٹ بحال ہوئی ہے۔ چیئرمین سنی اتحاد کونسل نے کہا کہ انتخابات میں اصل مقابلہ فوج کے مخالفوں اور حامیوں میں ہو گا۔ پاک فوج کی مخالفت پاکستان کی مخالفت ہے۔ پشتون تحفظ موومنٹ ملک دشمن طاقتوں کی آلہ کار ہے۔ سوشل میڈیا پر پاک فوج کی کردار کشی کرنے والوں کو ریاستی گرفت میں لایا جائے۔ بھارتی لابی ملک کو عدم استحکام کا شکار بنانے کے لئے سازشوں میں مصروف ہے۔