Live Updates

عالمی رہنماؤں اور مختلف شخصیات کی مسلمانوں کو عید کی مبارکباد

برطانیہ کو کامیاب بنانے میں 30 لاکھ برطانوی مسلمانوں کی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے‘برطانوی وزیراعظم

جمعہ 15 جون 2018 11:30

ریاض / لندن /اوٹاوا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) عالمی رہنماؤںاور مختلف سماجی شخصیات عیدالفطر پر مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے۔سعودی شاہ سلمان نے مسلم دنیا کو عید الفطر پر مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ مسلمانوں کے حالات ہر جگہ بہتر ہوں۔برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بھی مسلمانوں کو عید کے پرمسرت موقع پر مبارک باد دیتے کہا کہ برطانیہ کو کامیاب بنانے میں 30 لاکھ برطانوی مسلمانوں کی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے۔

کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کے ذریعے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دی اور کہا کہ عید کے موقع پر کینیڈا سمیت دنیا بھر میں مقیم مسلمانوں کو عید کی آمد اور رمضان المبارک کے اختتام پر مبارکباد دیتا ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم کمیونٹی کی کینیڈا کو مضبوط بنانے کے لیے خدمات جاری ہیں اور آج ان کی خدمات کو سراہنے کی ضرورت ہے۔

امریکی وزیر خارجہ مائیک پوپمیو نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا بھر کے مسلم ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات پر امریکا کو فخر ہے۔نوبل انعام یافتہ ملالہ یوسفزئی نے بھی اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا کہ دنیا بھر میں رہنے والی میری تمام بہنوں اور بھائیوں کو عید کے موقع پر میری طرف سے مبارکباد۔نیویارک کے ٹائمز اسکوائر پر بھی مسلم کمیونٹی کو عید کی مبارک باد دی گئی جب کہ برطانوی پولیس افسران نے روزہ رکھ کر مسلم کمیونٹی کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا۔
Live رمضان المبارک سے متعلق تازہ ترین معلومات