الیکشن میں عوام تحریک انصاف کو کامیاب بنا کر نئے اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھیں گے‘راجہ راشد حفیظ

جمعہ جون 12:58

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار برائے پی پی 16 سابق ایم پی اے راجہ راشد حفیظ نے کہاہے کہ بے پناہ وسائل کے باوجود پاکستان کے عوام کی محرومیاں و مجبوریاںایک تسلسل کے ساتھ بڑھ رہی ہیں جس کی واحد وجہ کرپٹ حکمران ہیں ․ ملک کے وسائل کو اپنی تجوریوں میں جمع کرکے عوام کو عالمی مالیاتی اداروں کے آگے گروی رکھنے والے کرپٹ اور استحصالی حکمرانوں کے دن گنے جا چکے ہیں اور جولائی 2018 ء کے الیکشن میں عوام پاکستان تحریک انصاف کو کامیاب بنا کر نئے اور خوشحال پاکستان کی بنیاد رکھیں گی- انہو ںنے یہ بات حلقہ پی پی 16 کی مختلف یونین کونسلوں میں اپنے اعزاز میں دی گئی افطار پارٹیوں اور کارنر اجلاسات سے خطاب کرتے ہوئے کہی ․ انہوں نے کہا کہ میں نے سابق ایم پی اے کی حیثیت سے پنجاب اسمبلی میں عوام کے حقوق ، ان کے مسائل کے حل اور ملکی مفادات کے تحفظ کے حق میں آواز بلند کی اور میری کارکردگی سب کے سامنے ہے - ہم نے عوام کی تائید و حمایت سے کے پی کے میں ادارہ جاتی اصلاح کی اور اداروں سے سیاسی اثر و رسوخ کو ختم کرکے میرٹ کی بالا دستی قائم کی - یہ اصلاحات انشاء اللہ الیکشن میںکامیابی کے بعد پورے پاکستان میں کی جائیں گی- انہو ںنے کہا کہ نئی حلقہ بندیوں کے تحت میرے حلقہ انتخاب میں آنے والے نئے علاقے مجھ سے بھولے بسرے نہیں ہیں بلکہ یہ پورا حلقہ میری جنم بھومی ہے اور میں لوگوں کے مسائل سے بخوبی آگاہ ہوں- ہم حلقے کے عوام بالخصوص منتخب بلدیاتی نمائندوں کی مشاورت سے علاقے کی تعمیر و ترقی اور عوامی مسائل کے حل کے ساتھ ساتھ قومی تعمیر نو میں اپنا کردار ادا کریں گے اور کرپشن کو جڑ سے اکھاڑ کر تمام وسائل عوام پر خرچ کریں گے -