عید الفطر کا مبارک دن ہمیں محبت کی فراوانی ، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، راجہ محمد فاروق حیدر

خوشی کے موقع پر پوری ملت اسلامیہ ،بالخصوص کشمیر کی آزادی ،ملکی ترقی وخوشحالی کیلئے دعاکرنی چاہئے ،قوم کو یقین دلاتاہوں ہمارا ہر قدم تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے اٹھ رہا ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر کا پیغام

جمعہ 15 جون 2018 12:58

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) وزیر اعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ عید الفطر کا مبارک دن ہمیں محبت کی فراوانی ، اخوت اور بھائی چارے کا درس دیتا ہے، اس دن کا تقاضا ہے کہ ہم اپنی خوشیوں کو اپنی ذات تک محدود نہ رکھیں بلکہ انہیں دوسروں میں اس طرح تقسیم کریں کہ پورا معاشرہ مسرور و مطمئن ہو۔

اس دن پوری ملت اسلامیہ کے لیے اور باالخصوص کشمیر کی آزادی ،ملک کی ترقی وخوشحالی کے لیے دعاکرنی چاہیے کہ اللہ تعالیٰ ہمیں دہشت گردی وفرقہ پرسی کی لعنت سے پاک فرمائے اور ہمارے ملک کو امن، ترقی وخوشحالی کی نعمت سے مالا مال فرمائے اور کشمیری عوام کی قربانیوں کو شرف قبولیت بخشتے ہوئے انہیں آزادی کی نعمت سے مالا مال فرمائے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔

راجہ محمد فاروق حیدرخان نے کہا کہ عید الفطر کے پرمسرت موقع پر ہر مسلمان کی یہ خواہش ہوتی ہے کہ وہ اپنے بزرگوں ، بھائیوں اور احباب کے ساتھ یہ دن منا سکے ۔ آج کے دن ہمیں مقبوضہ کشمیر کے ان بھائیوں کو نہیں بھولنا چاہیے جو بھارتی افواج کے بدترین مظالم کا شکار ہیں ۔ کشمیری عوام نے تحریک حریت کشمیر میں جو عظیم قربانیاں پیش کی ہیں ، تاریخ حاضر ان کی نظیر پیش کرنے سے قاصر ہے ۔

ظلم و جبر کا کوئی ہتھکنڈہ ایسا نہیں جو بھارت نے بے سرو سامان اور بے گناہ کشمیری عوام پر آزمایا نہ ہو ۔کشمیری حریت پسندوں کی قربانیوں نے مسئلہ کشمیر کو ساری دنیا پر اس طرح اجاگر کر دیا کہ اب دنیا کے ہر خطے سے یہ آواز بلند ہو رہی ہے کہ کشمیری عوام کو اندھی طاقت کے بل بوتے پر غلام نہ رکھا جائے اور انہیں ان کا حق خودارادیت اور آزادی دی جائے جس کیلئے وہ نصف صدی سے زائد عرصہ سے قربانیاں پیش کر رہے ہیں ۔

انہوں نے کہا کہ میںپوری قوم کو یقین دلاتاہوں کہ ہمارا ہر قدم تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کیلئے اٹھ رہا ہے ۔ عید الفطر کے اس موقع پر میں اپنے مقبوضہ کشمیر کے بہن بھائیوں کو یہ بھی یقین دلاتا ہوں کہ ہم تحریک آزادی کشمیر کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔ہماری حقیقی اور سچی عید اس وقت ہو گی جب ساری ریاست بھارت کے استعماری تسلط سے آزاد ہو گی اور اس کا الحاق پاکستان کے ساتھ ہو گا۔انشااللہ اس مبارک موقع پر میری دعا ہے کہ خدائے عزوجل وہ دن جلد لائیں اور ہمارے خوابوں کی تکمیل ہو ۔ میں خوشی کے اس موقع پر اپنے ہموطنوں سے توقع رکھتا ہوں کہ وہ اپنی صفوں میں مکمل اتحاد اور اتفاق قائم رکھیں گے ۔