Live Updates

ملک بھر میں عیدالفطر کل انتہائی مذہبی جوش و جذبے کیساتھ منائی جائے گی

لاکھوں فرزندان اسلام عید کی نماز مساجد کے علاوہ بڑے میدانوں میں ادا کرینگے ،ْاجتماعات میں ملکی سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کیلئے دعائیں مانگی جائیں گی

جمعہ 15 جون 2018 15:16

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) آزاد کشمیر ،ْ گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں عیدالفطر کل ہفتہ کو مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی جائے گی۔ لاکھوں فرزندان اسلام عید کی نماز مساجد کے علاوہ بڑے میدانوں میں ادا کرینگے، ان اجتماعات میں ملکی سلامتی اور مسلم امہ کے اتحاد کیلئے دعائیں مانگی جائیں گی۔ملک بھر کی طرح لاہور میں نماز عید کے بڑے اجتماعات بادشاہی مسجد، جامع مسجد داتا دربار، مسجد وزیر خان، جامع مسجد منصورہ، جامع مسجد القادسیہ چوبرجی، جامعہ اشرفیہ، مسجد شہداء، جامعہ رحمانیہ، جامعہ نعیمیہ، باغ جناح، جامعہ غوثیہ رضویہ فردوس مارکیٹ، ماڈل ٹاؤن، مینار پاکستان، اقبال پارک، ریس کورس پارک و دیگر مقامات پر ہونگے جن میں خطیب و علماء حضرات عیدالفطر کی فضیلت اہمیت بیان کرینگے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت ممنون حسین کراچی، نگران وزیر اعظم ناصر الملک اسلام آباد میں عید منائیں گے جبکہ سابق وزیر اعظم نواز شریف کی عید خاندان کے ہمراہ لندن میں ہوگی۔ پیپلز پارٹی رہنما سید خورشید شاہ آبائی شہر سکھر، مولانا فضل الرحمان ڈیرہ اسماعیل خان، شیخ رشید احمد اور چوہدری نثار علی خان راولپنڈی، آفتاب شیرپائو اور اسفندیار ولی عید چارسدہ میں منائیں گے۔

پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نوابشاہ جبکہ بلاول بھٹو زرداری نوڈیرو میں عید منائیں گے۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان عید بنی گالہ میں منائیں گے۔ امیر جماعت اسلامی سراج الحق منصورہ میں نماز عید پڑھانے کے بعد دیر چلے جائیں گے۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی ملتان جبکہ ق لیگ کے صدر چوہدری شجاعت گجرات میں عید منائیں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات