آئندہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران جماعت کی وابستگی کا سرٹیفکیٹ کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کریں ،ْ الیکشن کمیشن

جمعہ 15 جون 2018 15:57

آئندہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران جماعت کی وابستگی کا سرٹیفکیٹ ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ آئندہ انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواران جماعت کی وابستگی کا سرٹیفکیٹ کاغذات نامزدگی کے ساتھ منسلک کریں تاہم اگر کاغذات نامزدگی جمع کراتے وقت کسی بھی وجہ سے جماعتی وابستگی کا سرٹیفکیٹ منسلک نہیں کیا جا سکا تو یہ سرٹیفیکیٹ انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کی تاریخ سے پہلے متعلقہ ریٹرننگ آفیسر کے پاس جمع کرایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے مطابق اس ضمن میں ریٹرننگ افسران کو تحریری ہدایات بھی جاری کی گئی تھیں تاہم الیکشن کمیشن کو اس حوالہ سے اطلاعات ملی ہیں کہ امیدوارن سے ریٹرننگ افسران سکرونٹی کے دوران جماعتی وابستگی کا سرٹیفیکیٹ طلب کر رہے ہیں لہذا اس بات کی ازسرنو وضاحت کی جاتی ہے کہ امیدواران 29 جون تک دفتری اوقات میں متعلقہ ریٹرننگ افسر کے پاس پارٹی وابستگی کا سرٹیفکیٹ جمع کراسکتے ہیں۔