پانی کے بحران کی وجہ سے فصلوں کانقصان ،

سجاول میں عید کی خریداری ماند پڑگئی

جمعہ 15 جون 2018 15:59

سجاول(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) عید الفطر کے سلسلے میں سجاول میں خریداری ماند ہے ، علاقے میں کئی ماہ سے پانی کے بحران کی وجہ سے فصلوں کا بھاری نقصان ہواہے جبکہ مقامی شوگرملوں کی جانب سے ادائیگی بھی نہ ہوسکی ہے ، جبکہ علاقے میں بجلی کے بحران کی وجہ سے بھی کاروبار متاثرہے اور بے روزگاری اور مہنگائی میں اضافہ ہوگیاہے ،معاشی کمزوری کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید انتہائی کم رہ گئی ہے ، علاوہ ازیں علاقے میں ان عوامل کی بنیاد پر جرائم اور اخلاقی برائیوں میں اضافہ ہوگیاہے ،اور منشیات کااستعمال بھی بڑھ گیاہے ،شہراور گردونواح میں مسلسل موٹرسائیکل چوری کی وارداتیں ہورہی ہیں جن کو کنٹرول کرنے کے بجائے پولیس خواب خرگوش میں مصروف ہے ، علاقے میں معاشی بدحالی کے اثرات بدامنی کی صورت میں ابھرناشروع ہوگئے ہیں ، مقامی شہریوں نے آئی جی سندہ سے اپیل کی ہے کہ سجاول ضلع میں ایک سال کے دوران ہونے والے تمام جرائم اور وارداتوں کے ملزمان گرفتارکرکے مسروقہ سامان برآمد کرایاجائے اور پولیس کے بدعنوان افسران کے خلاف احتسابی عمل شروع کیاجائے۔