چین اور پاکستان تجارتی تعاون کے بارے میں مشترکہ فلم بنائیں گے

فلم حقیقی زندگی کی داستانوں پر مبنی ہو گی عنوان ’’سفر‘‘ ہو گا،وانگ ہائی پنگ

جمعہ 15 جون 2018 15:59

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2018ء) چین اور پاکستان کے فلم سازوں نے اعلان کیا ہے کہ وہ چین پاکستان اقتصادی راہداری کے ساتھ بین الاقوامی تجارت کے بارے میں ایک مشترکہ فلم بنائیں گے، اس فلم کا عنوان’’سفر‘‘ہوگا۔چین کے ٹیلی ویژن فن کاروں کی تنظیم کی مسودہ نویس کمیٹی کے ڈائریکٹر وانگ ہائی پنگ نے کہا کہ اس فلم میں بیلٹ و روڈ منصوبے کے جواب میں راہداری تعمیر میں حصہ لینے والی چینی کمپنیوں کی داستانیں بیان کی جائیں گی،چین کے صوبہ شان ڈانگ کے شہر چھنگ تائو میں جاری پہلے شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او)فلم فیسٹول کے موقع پر انہوں نے کہا کہ اس فلم میں دونوں ممالک کے عوام کی قریبی دوستی کو اجاگر کیا جائیگا، وانگ نے جو کہ فلم کے مسودہ نویس بھی ہیں کہا کہ یہ فلم حقیقی زندگی کی داستانوں پر مبنی ہوگی۔

(جاری ہے)

چین اور پاکستان کی پارٹیاں مسودہ نویسی،شوٹنگ،پوسٹ پروڈیکشن اور فلم کی نمائش میں تعاون کریں گی وانگ کے مطابق توقع ہے کہ شوٹنگ 2019کے اوائل میں شروع ہو گی۔ چھنگ تائو میں حالیہ ایس سی او سربراہی کانفرنس کے بعد اہم ثقافتی تبادلہ سرگرمیوں کے طور پر پانچ روزہ ایس سی او فلم فسٹیول میں 12ممالک کی طرف سے گذشتہ دو برسوں میں بنائی جانے والی فلمیں پیش کی جائیں گی۔ان میں سے 23فلمی ایوارڈ کیلئے کوشاں ہیں جبکہ 55نمائش کیلئے پیش کی جائیں گی۔

متعلقہ عنوان :