مشرق وسطیٰ،امریکا، یورپ سمیت بیشتر ممالک میں عید الفطر جمعہ کو منائی گئی

عالمی رہنماؤں اور مختلف شخصیات کی عید پر مسلم کمیونٹی کو مبارکباد،برطانیہ کو کامیاب بنانے میں 30 لاکھ برطانوی مسلمانوں کی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے،برطانوی وزیراعظم دعا ہے مسلمانوں کے حالات ہر جگہ بہتر ہوں،سعودی شاہ سلمان دنیا بھر کے مسلم ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات پر امریکا کو فخر ہے، امریکی وزیر خارجہ کا عید کے موقع پر پیغام

جمعہ 15 جون 2018 16:00

دبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جون2018ء) مشرق وسطیٰ، امریکا، یورپ اور دنیا کے کئی حصوں میں عیدالفطر جمعہ کو پورے مذہبی جوش خروش سے منائی گئی اس سلسلے میں سعودی عرب میں مسجدالحرام اور مسجد نبوی (صلی اللہ علیہ وسلم) میں عید کی نماز کی ادائیگی کے لیے اجتماعات منعقد ہوئے، جہاں لاکھوں فرزندان اسلام نے شرکت کی اور اپنے ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعائیں مانگیں۔

مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں نماز عید کے اجتماعات میں 15 لاکھ افراد کے قریب افراد نے شرکت کی۔ دوسری جانب پاکستان اور بھارت اور دنیا کے دیگر کچھ ممالک میں عید الفطر مذہبی جوش و جذبے سے آج ہفتہ کو منائی جار ہی ہے محکمہ موسمیات سمیت چاند کے حوالے سے مشاہدہ کرنے والے دیگر اداروں نے دعویٰ کیا تھا کہ جمعرات کے روز پاکستان میں چاند کی رویت ممکن نہیں اور ان کے مطابق عیدالفطر بروز ہفتہ ہوگی۔

(جاری ہے)

ادھر خیبرپختونخواہ میں رواں سال ایک مرتبہ پھر چاند کا تنازع سامنے آیا اور مفتی شہاب الدین پوپلزئی کی سربراہی میں پشاور کی مسجد قاسم علی خان کی غیر سرکاری کمیٹی نے صوبے کے مختلف علاقوں میں چاند نظر آنے کا اعلان کردیا۔چاند نظر آنے کے غیر سرکاری اعلان کے بعد خیبر پختونخوا اور حال ہیں میں اس میں ضم ہونے والے فاٹا کے شہریوں نے ایک بار پھر دو عیدیں منارہے ہیں عید الفطر کے مو قع پر عالمی رہنماؤں، سماجی شخصیات اور شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والی مختلف شخصیات نے عیدالفطر پر مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے۔

سعودی شاہ سلمان نے مسلم دنیا کو عید الفطر پر مبارکباد دیتے ہوئے دعا کی کہ مسلمانوں کے حالات ہر جگہ بہتر ہوں۔برطانوی وزیراعظم تھریسامے نے بھی مسلمانوں کو عید کے پرمسرت موقع پر مبارک باد دی اور کہا کہ برطانیہ کو کامیاب بنانے میں 30 لاکھ برطانوی مسلمانوں کی خدمات کو فراموش نہیں کر سکتے۔کینیڈین وزیراعظم جسٹن ٹروڈو نے سماجی رابطہ سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کے ذریعے مسلمانوں کو مبارکباد دی اور کہا کہ عید کے موقع پر کینیڈا سمیت دنیا بھر میں مقیم مسلمانوں کو عید کی آمد اور رمضان المبارک کے اختتام پر مبارکباد دیتا ہوں۔

انہوں نے کہا کہ مسلم کمیونٹی کی کینیڈا کو مضبوط بنانے کے لیے خدمات جاری ہیں اور خدمات کو سراہنے کی ضرورت ہے۔ امریکی وزیر خارجہ مائیک پوپمیو نے اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا بھر کے مسلم ممالک کے ساتھ مضبوط تعلقات پر امریکا کو فخر ہے۔