ملک بھر میں جمعتہ الوداع انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا

پاکستان کی ترقی، خوشحالی ، سلامتی ،کشمیر اورفلسطین کے مسلمانوں کی آزادی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں مساجد میں نمازیوں کیلئے جگہ کم پڑ گئی ، پولیس کی جانب سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات ،جامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے دیا گیا

جمعہ 15 جون 2018 16:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت ملک بھر میں جمعتہ الوداع انتہائی عقیدت و احترام سے منایا گیا، نماز جمعہ کے اجتماعات میں پاکستان کی ترقی، خوشحالی ، سلامتی ،کشمیر اورفلسطین کے مسلمانوں کی آزادی اور امت مسلمہ کے اتحاد کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی جانب سے جمعتہ الوداع کے موقع پر سکیورٹی کے غیر معمولی انتظامات کئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق لاہور سمیت ملک بھر میں جمعتہ الوداع کے بڑے بڑے اجتماعات ہوئے جس میں لاکھوں فرزندان توحید نے شرکت کی ۔ اس موقع پر علمائے کرام نے اپنے خطبات میں امت مسلمہ کے مسائل اور اتحاد کو موضوع بنایا ۔ نماز جمعہ کی ادائیگی کے بعدپاکستان کی ترقی ، خوشحالی ، سلامتی ،کشمیر ، فلسطین کے مسلمانوں کی آزادی اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ۔

(جاری ہے)

کئی مساجد میں نمازیوں کے لئے جگہ کم پڑ گئی اور مساجد کے مرکزی دروازوں سے باہر صفیں بچھا کر نماز کی ادائیگی کی گئی ۔ پولیس کی طرف سے سکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے تھے اور نمازیوں کو جامع تلاشی کے بعد اندر داخل ہونے دیا گیا جبکہ پولیس کی گاڑیاں بھی مساجد کے اطراف میں پیٹرولنگ کرتی رہیں۔ حساس قرارد دی گئی مساجد کی طرف آنے والے راستوں کو بیرئیر لگا کر بند رکھا گیا جبکہ ان کے اطراف میں پارکنگ بھی ممنوعہ قرار دی گئی تھی ۔ مساجد کی اپنی انتظامیہ کی جانب سے بھی رضاکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سر انجام دئیے ۔