عید کی چھٹیوں میں چڑیاگھر اور سفاری زو آنے والے سیاحوں کیلئے سکیورٹی کے خصوصی انتظامات

واک تھرو گیٹ نصب کئے جا ئیں، 4 واک تھرو گیٹ مال روڈ جبکہ 2 لارنس روڈ گیٹ پر نصب کئے جائیں گے 12 میٹل ڈیٹیکٹرز سے ہر آنے والے سیاح کو چیک کر کے چڑیا گھر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے ‘ڈی جی جنگلی حیا ت و پارکس پنجاب خالد عیاض خان کا لاہور چڑیا گھر میں عید کیلئے کئے گئے سکیورٹی انتظامات چیک کرنے کیلئے دورہ

جمعہ جون 16:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون2018ء) ڈائریکٹر جنرل جنگلی حیا ت و پارکس پنجاب خالد عیاض خان نے ڈائریکٹر لاہور چڑیاگھر اور ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سفاری زو کو عید کی چھٹیوں کے دوران تفریح کے لئے آنے والے سیاحوں کا تحفظ سو فیصد یقینی بنانے اورانہیں ہر ممکن سہولیات کی فراہمی کے انتظامات کو مزید بہتر بنانے کی ہدائت کی ہے،ضرورت پیش آنے پرفیلڈ سے مزید وائلڈلائف واچرز منگوا کر انہیں ڈیوٹی پر مامور کیا جائے اور سکیورٹی پر تعینات سٹاف کوہمہ وقت چوکس رکھا جائے۔

انہوں نے یہ بات یہاں سفاری ز و اور لاہور چڑیا گھر میں عید کی چھٹیوں کے حوالے سے کئے گئے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر ڈائریکٹر لاہور چڑیا گھر حسن علی سکھیرا، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈ لائف سفاری زو چوہدری شفقت علی، ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف پبلسٹی عامر مسعود اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈی جی جنگلی حیات نے اس موقع پر موجود ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کو کئے گئے سکیورٹی انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ عید کی چھٹیوں کے دوران لاہور چڑیا گھر میں سیاحوں کی ھفاظت کے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں او ر چڑیا گھر کے داخلی دروازوں پر 6 واک تھرو گیٹ نصب کئے جا رہے ہیں جن میں سے 4 واک تھرو گیٹ وکٹوریہ گیٹ(مال روڈ) جبکہ 2 واک تھرو گیٹ لارنس روڈ گیٹ پر نصب کئے جائیں گے جبکہ ایک واک تھرو گیٹ سٹینڈ بائی رکھا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ 12 میٹل ڈیٹیکٹرز سے ہر آنے والے سیاح کو چیک کر کے چڑیا گھر میں داخل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کیمروں کے ذریعے بھی مانٹرنگ کی جائے گی اور اس سلسہ میں 32 کیمرے نصب کئے گئے ہیں۔ سیاحوں کو ٹھنڈا اور صاف پینے کا پانی فراہم کرنے کے لئے خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں اور 5 چلرز نصب کر دیئے گئے ہیں۔ انہوں نے چڑیا گھر انتظامیہ کی کہ وہ اپنے متعلقہ پولیس اسٹیشن سے رابطہ میں رہیں اور بم ڈسپوزل اسکواڈ، ہلال احمر کی ایمبولینس، ریسکیو 1122 کی ایمبولینس کی موجودگی بھی یقینی بنائیں۔

انہوں نے کہا کہ سکیورٹی انتظامات میں غفلت کا مظاہر ہ کرنے والوں کیخلاف زیرو ٹالرنس پالیسی پرعمل کرتے ہوئے سخت محکمانہ کارروا ئی عمل میں لائی جائے گی ۔قبل ازیں خالد عیاض خان نے سفاری زو کا بھی دورہ کیا ۔ اس موقع پر انہیں بتایا گیا کہ 50 سکیورٹی اہلکاروں کو ڈیوٹی پر مامور کیا جائے گا جس میں مقامی پولیس کے اہلکار بھی شامل ہیں۔سیاحوں کی سہولت کے لئے سفاری زو کے اندر ٹریفک پلان ترتیب دے دیا گیا ہے جس کے تحت پیدل آنے والے مرد و خواتین کے لئے الگ الگ داخلی گیٹ، رکشائوں اور گاڑیوں کے لئے الگ الگ داخلی راستے جبکہ ایک نیا خارجی راستہ بھی بنایا گیا ہے۔

اور ہر راستے کو یک طرفہ راستہ قرار دیا گیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ سیاحوں کے لئے 4 واٹر کولر جبکہ 8 کیمرے لگائے گئے ہیں۔ ڈی جی وائلڈلائف نے ڈپٹی ڈائریکٹر وائلڈلائف سفاری زو چوہدری شفقت علی کو خصوصی ہدائت کی کہ بائونڈری فینس کی ضروری مرمت کی جائے اور اس سلسلہ میں کو ئی غفلت نہ برتی جائے۔