کراچی میں بادلوں کے ڈیرے، مختلف علاقوں میں بوندا باندی

عیدالفطر کی 4 روزہ تعطیلات کے دوران شہرقائد کا موسم خوشگوار رہے گا، ڈی جی محکمہ موسمیات

جمعہ 15 جون 2018 16:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) شہر قائد کے مختلف علاقوں میں جمعہ کی صبح سویرے بوندا باندی سے موسم خوشگوار ہوگیا۔تفصیلات کے مطابق کراچی میں رمضان المبارک کا پہلا عشرہ انتہائی گرم رہا، اسی دوران شہر میں مئی کے مہینے میں شدید گرمی کا 38 سالہ ریکارڈ بھی برابر ہوا تاہم آخری عشرے کے آغاز سے ہی موسم خوشگوار ہوگیا اور ماہ صیام کے آخری دن شہر کے مختلف علاقوں میں ہونے والی بوندا باندی کی وجہ سے موسم مزید دلفریب ہوگیا ہے۔

(جاری ہے)

شہر میں 28 سے 40 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے شمال مغربی ہوائیں چل رہی ہیں، جب کہ آج دن بھر مطلع ابر آلود رہے گا۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی میں عید الفطر کے دن بھی بوندا باندی کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہے گا۔ڈی جی محکمہ موسمیات ڈاکٹرغلام رسو ل کے مطابق عید الفطر کی 4 روزہ تعطیلات کے دوران گرمی کی شدید لہر کا کوئی امکان نہیں ہے بلکہ اس کے برعکس شہرقائد کا موسم خوشگوار رہے گا اور قبل ازوقت مون سون کے نچلی سطح کے بادلوں کی وجہ سے یہ امکان بھی موجود ہے کہ مطلع نہ صرف جذوی اور مکمل ابر آلود ہے بلکہ اس کے نتیجے میں شہر کے مختلف علاقوں میں بوندا باندی ہوجائے۔