مقبوضہ کشمیر‘ میر واعظ عمر فاروق اور دیگر کا کشمیرکے بارے میں اقوام متحدہ کی رپورٹ کا خیر مقدم

جمعہ جون 16:30

سرینگر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں حریت فورم کے چیئرمین میر واعظ عمر فاروق نے مقبوضہ کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی پامالیوں کے بارے میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کی رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے اسے مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال کا عکاس قرار دیاہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمرفاروق نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا یہ اپنی طرز کی پہلی رپورٹ ہے جس میں کشمیر میں سرکاری سطح پر کی جانے والی انسانی حقوق کی بے تحاشا پامالیوں کا تذکرہ شامل ہے۔

انہوںنے کہا کہ عالمی ادارے کی طرف سے یہ تفصیلی اور جامع رپورٹ کشمیر کی ذمینی صورتحال کی عکاس ہے جس سے واضح ہوتا ہے کہ کس طرح یہاں عوام کو بنیادی آزادیوں اور انصاف سے محروم رکھا گیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ رپورٹ میں انسانی حقوق کی ان پامالیوں کی تحقیقات کیلئے ایک باختیار کمیشن کے قیام کی ضرورت نہ صرف وقت کا اہم تقاضا ہے بلکہ حقیقت یہ ہے کہ اقوام متحدہ کو بہت پہلے ایسا کرنا چاہیے تھاکیوںکہ یہ اسکا اخلاقی فرض ہے۔

میر واعظ نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری مسلمان اس موقع پر بھارتی تسلط سے آزادی کے لیے دعا اور شہدا کے عظیم مشن کی تکمیل تک جدوجہد جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کریں۔انہوںنے حریت رہنمائوں اور کارکنوں سمیت غیر قانونی طو ر پر نظر بند کشمیریوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیاجو اپنے اہلخانہ سے دور مقبوضہ کشمیر اور بھارت کی جیلوں میں عید گزارنے پر مجبور ہیں۔