عید الفطر اسلام کی اعلیٰ ،روشن اقدار کی نقیب ،اخوت ومحبت کی امین ،امت مسلمہ کے دینی ومذہبی تشخص کی مظہر ہے،راجہ مشتاق احمد منہاس

مقبوضہ کشمیر میں قربانیاں پیش کرنیوالے بھائیوں کے ساتھ ہیں، یقین ہے غلامی کے بندھن جلد ٹوٹ کرینگے ، پوری ریاست جموں وکشمیر آزاد ہو کر مملکت پاکستان کا حصہ بنے گی، وزیر اطلاعات آزاد کشمیر

جمعہ 15 جون 2018 16:30

مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2018ء) آزادکشمیر کے وزیر اطلاعات ،سیاحت وآئی ٹی راجہ مشتاق احمد منہاس نے کہا ہے کہ عید الفطر اسلام کی اعلیٰ اور روشن اقدار کا نقیب ،اخوت ومحبت کا امین اور امت مسلمہ کے دینی ومذہبی تشخص کا مظہر ہے،یہ دن اپنے اندر ہمدردی ،ایثار اور درد دل سموئے ہوئے ہے جو حقیقت میں اللہ تعالیٰ کی نعمتوں کا شکر ادا کرنے کا دن بھی ہے۔

اس مبارک موقع پر مجھے اپنے وہ بہن بھائی شدت سے یا د آرہے ہیں جو مقبوضہ کشمیر میں اپنے بنیادی حق، حق خودارادیت کو حاصل کرنے کیلئے اپنی جانی و مالی قربانیاں پیش کر رہے ہیں۔ ان کی جد و جہد میں ہم ان کے ساتھ ہیں۔ اور ہمیں مکمل یقین ہے کہ بالآخر حق و انصاف کا بول بالا ہو گا۔۔بھارتی حکمرانوں کو بھی حقائق تسلیم کرنا پڑیں گے اور اقوام متحدہ کی قراردادں پر عمل کرنا پڑے گا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے عید الفطر کے موقع پر اپنے خصوصی پیغام میں کیا۔انہوں نے کہا ہے کہ ہمیں یقین محکم ہے کہ ہمارے درمیان حائل دیواریں پاش پاش ہوں گی۔ اور ہمارے بھائیوں کے غلامی کے بندھن ٹوٹ گریں گے۔انہوں نے کہا کہ پوری ریاست جموں و کشمیر آزاد ہو کر مملکت پاکستان کا حصہ بنے گی۔ ریاست کا پاکستان کے ساتھ جو تمدنی جغرافیائی ، اقتصادی اور روحانی تعلق ہے اسے کسی شاطرانہ حربے سے توڑا نہیں جا سکتا۔

وقت نے بار بار ثابت کیا ہے کہ پاکستان میں قائم حکومتوں نے ہمیشہ کشمیرکی سیاسی اخلاقی اور سفارتی سطح پر بھرپور حمایت کی۔انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔وزیر اطلاعات نے کہا کہ ہمارے لیے وہ دن صحیح معنوں روز عید ہو گا جب مقبوضہ کشمیر کے ہمارے بچھڑے ہوئے مجبور بہن بھائی ہمارے ساتھ آ ملیں گے۔

انہوں نے کہا کہ عیدالفطر کا مقصد لوگوں کے درمیان باہمی محبت وتعلقات کو زیادہ سے زیادہ بڑھانا اور خوشگوار بنانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں عید کی ان خوشیوں میں اپنے مقبوضہ کشمیر میں بسنے والے بھائیوں کو بھی شامل کرنا چاہیے جو بھارت کی آٹھ لاکھ سے زائد افواج کے خلاف اپنے بنیادی حق ،حق خوداردیت کے حصول کے لیے سینہ سپر ہیں۔میری اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ہمیں اسلام کی ابدی وسچی تعلیمات پر عمل پیرا فرمائے اور ہمارے وطن کو امن وترقی کا مثالی گہوارہ بنائے اور ہمیں ہر طرح کی دہشتگردی سے پاک فرمائے۔