صاف شفاف الیکشن کرانے کے لئے آخری حد تک جائیں گے‘نگران وزیراعلی پنجاب

عام انتخابات کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کرینگے‘حسن عسکری سے چیف سیکرٹری ، آئی جی پنجاب کی ملاقات

جمعہ 15 جون 2018 16:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2018ء) نگران وزیر اعلیٰ پنجاب ڈاکٹر حسن عسکری رضوی نے کہا ہے کہ صاف اور شفاف الیکشن کرانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے اور اس قومی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھائیں گے۔نگران وزیراعلی حسن عسکری سے چیف سیکرٹری پنجاب اکبر درانی اور آئی جی پنجاب کلیم امام نے ملاقات کی جس میں آزادانہ، شفاف اور منصفانہ الیکشن کے انعقاد کو ہر قیمت پر یقینی بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

اس موقع پر نگران وزیر اعلیٰ حسن عسکری نے کہا کہ نگران حکومت صاف اور شفاف الیکشن کرانے کے لیے آخری حد تک جائے گی، پر امن اور شفاف انتخابات کے انعقاد کو یقینی بنانے کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، غیرجانبدارانہ الیکشن کو یقینی بنانا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

عام انتخابات کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو یکساں مواقع فراہم کریں گے۔

ڈاکٹر حسن عسکری نے چیف سیکریٹری پنجاب اکبر درانی اور آئی جی پنجاب کلیم امام سے کہا کہ آپ پروفیشنل آفیسرز ہیں، آپ کو اپنی ذمہ داریاں پیشہ وارانہ انداز میں ادا کرنی ہے، کوئی مداخلت یا دبا برداشت نہیں کرنا، آپ کی کارکردگی بولے گی تو کوئی انگلی نہیں اٹھاسکے گا، عام انتخابات میں ووٹرز پرامن اور آزادانہ ماحول میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرسکیں گے جب کہ نگراں حکومت شفاف الیکشن کرانے کی قومی ذمہ داری کو احسن طریقے سے نبھائے گی۔