سینیٹرمشاہد حسین سید کی مسلم لیگ ( ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات

جمعہ 15 جون 2018 18:24

سینیٹرمشاہد حسین سید کی مسلم لیگ ( ن) کے صدر شہباز شریف سے ملاقات
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) سینیٹر سید مشاہد حسین وچیئرمین سنٹرل میڈیا کمیٹی پاکستان مسلم لیگ (ن) نے مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں آئندہ انتخابات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی حکمت عملی وانتخابی مہم ،پاکستان مسلم لیگ (ن) کی میڈیا کانفرنس اور صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) میاں شہباز شریف کے دورہ کراچی کو حمتی شکل دی گئی۔

(جاری ہے)

ملاقات میں پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے سید مشاہد حسین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی انتخابی مہم کا بنیادی نقطہ ہماری کارکردگی ہو گی۔ ہم نے عوام کی خدمت کی ہے اور ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ ہم کسی منفی پراپیگنڈہ اور الزام تراشی کا حصہ نہیں بنیں گے۔ سچ اور جھوٹ کا فیصلہ عوام خود کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی باشعور عوام کسی منفی پراپیگنڈہ کا حصہ نہیں بنیں گے۔ سید مشاہد حسین نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر کو مکمل انتخابی حکمت عملی اور انتخابی مہم کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ دی اور اس کے خدو خال بتائے۔ اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کے د ورہ کراچی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی میڈیا کانفرنس کو بھی حتمی شکل دی گئی۔