مزمل اقبال ہاشمی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 میں ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم کا آغاز کردیا

جمعہ 15 جون 2018 18:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 جون2018ء) ملی مسلم لیگ پاکستان کے نائب صدر مزمل اقبال ہاشمی نے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 243 میں ڈور ٹو ڈور انتخابی مہم کا آغاز کردیا۔ کاغذات نامزدگی کی منظوری کے بعد گزشتہ روز گلشن اقبال میں ووٹرز سے ملاقاتیں کیں اور انتخابات میں ملی مسلم لیگ کا ساتھ دینے کی درخواست کی۔ اسکائوٹ کالونی میں ڈور ٹو ڈور مہم کے دوران ووٹرز نے ملی مسلم لیگ کو مکمل تعاون کا یقین دلایا۔

اس موقع پر مزمل اقبال ہاشمی نے ووٹرز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وطن عزیز کی تعمیر و ترقی کے لیے تمام افراد کو مثبت کردار ادا کرنا ہو گا۔ قومی خزانہ لوٹنے والوں کو الیکشن میں عوام مسترد کردیں گے۔ قائداعظم کے پاکستان میں نظریہ پاکستان کی بنیاد پر اتحا دقائم کریں گے اور قوم کو متحد کریں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم خدمت انسانیت کی سیاست کرنا چاہتے ہیں۔

پاکستان کے آئین میں یہ بات طے ہے کہ اس ملک کے منتخب نمائندے، حکمران اور سیاستدان صادق اور امین ہونے چاہئیں مگرایسا نہیں ہے۔ ماضی میں حکمرانوں نے قومی خزانے کو لوٹا، آنے والے الیکشن میں قوم خزانہ لوٹنے والوں کا احتساب کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ رمضان المبارک اللہ تعالیٰ کی طرف سے امت مسلمہ کے لیے تحفہ ہے، ہم اپنی بقیہ زندگی کو بھی ماہ رمضان کی طرح گزاریں تو ان شاء اللہ کامیابی ہمارا مقدر بنے گی۔