قومی وطن پارٹی بنوں نے پی کے 90 میں کارکنوں سے راوبط بڑھانے اورگھر گھر مہم چلانے کیلئے حکمت عملی ترتیب دیدی

جمعہ جون 19:01

بنوں(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 جون2018ء) قومی وطن پارٹی بنوں نے پی کے 90 میں کارکنوں سے راوبط بڑھانے اورگھر گھر مہم چلانے کیلئے حکمت عملی ترتیب دیدی،،عید کے فورا بعد مختلف یونین کونسلوں اور حلقوں کی سطح پر شمولیتی جلسوں کا انعقاد کرینگے ،صوبے میں آئندہ حکومت قومی وطن پارٹی کی ہوگی اور سکندر حیات خان شیرپائو وزیر اعلیٰ ہونگے ۔ان خیالات کا اظہار قومی وطن پارٹی پی کی90بنوں سے صوبائی اسمبلی کے اُمیدوار ضلعی چیئرمین فرید اللہ خان نے سکندر خیل بالا میں الیکشن مہم کے سلسلے میں منعقد کارنر مٹینگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

اس موقع پر سابق ڈسٹرکٹ کونسل اُمیدوار حامد خان،احمد خان سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے انہوں نے کہا کہ عام انتخابات کیلئے تیاریاں شروع کردی ہے پارٹی کارکن قائد آفتاب احمد خان کا پیغام گھر گھر پہنچانے کیلئے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائیں پختونوں کی سلامتی اور بقاء کیلئے جدوجہد کرکے عملی طور پر قومی وطن پارٹی نے اپنا کردار ادا کیا ہے قومی وطن پارٹی عام انتخابات میں جنوبی اضلاع کی سطح پر بھرپور کامیابی حاصل کریگی کیونکہ پختون قوم اب جاگ چکی ہے کیونکہ اُن کوہمیشہ نظر انداز کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے سابق صوبائی حکومت تاریخ کے نام ترین حکومت ثابت ہوئی اور پانچ سالوں میں پختونوں کے فلاح بہود کے بجائے اقرباء پروری اور کرپشن کی انتہاء کی جبکہ پختونوں کے حقوق کو پنجاب بنی گالہ منتقل کرکے یہاں کے حقوق پر ڈاکہ ڈالا گیا مگر اب ایسا نہیں ہوگا اور بنی گالہ سے قوم کے حقوق آفتاب احمد خان کی سربراہی میںحاصل کرکے ہی دم لینگے ۔