اقوام متحدہ کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹ جاری کرنا خوش آئند ہے، حافظ محمد سعید

جمعہ 15 جون 2018 19:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 جون2018ء) امیر جماعةالدعوة پاکستان پروفیسر حافظ محمد سعیدنے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی طرف سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے متعلق رپورٹ جاری کرنا خوش آئند ہے۔ بھارت مسئلہ کشمیر خود یواین میں لیکر گیا‘ اقوام متحدہ کشمیر میں ظلم و دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے کردار ادا کرے۔ مقبوضہ کشمیر میںسینئر صحافی اور رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر شجاعت بخاری کا قتل بدترین دہشت گردی ہے۔

اقوام متحدہ کی رپورٹ پر بھارت سرکار کیخلاف آواز بلند کرتے ہی انہیں نشانہ بنا دیا گیا۔ بھارتی فوج تحریک آزادی کو بدنام کرنے کیلئے مذموم ہتھکنڈے استعمال کر رہی ہے۔کشمیری قوم ماضی کی طرح اب بھی بھارتی سازشوں کا شکار نہیں ہو گی۔ رمضان المبارک کا سبق یہ ہے کہ مسلمان اپنی زندگیوں کو سیرت رسول ﷺ کے مطابق گزارنے کا پختہ عہد کریں۔

(جاری ہے)

جامع مسجد القادسیہ میں خطبہ جمعہ اور بعد ازاں مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کی رپورٹ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی طرف سے ڈھائے جانے جن مظالم کا ذکر کیا گیا ہے حقیقت میں اس سے کہیں زیادہ انسانی حقوق کی پامالیاں ہورہی ہیں۔

روزانہ کشمیریوں کو شہید کیا جارہا ہے اور سازش کے تحت ان کی املاک برباد کی جارہی ہیں۔ بھارتی آرمی چیف جنرل بپن راوت نے شکست کا اعتراف کرتے ہوئے کہا ہے کہ ہم کشمیر میں جتنے لوگوں کو شہید کرتے ہیں اس سے زیادہ تحریک آزادی میں شامل ہو جاتے ہیںلیکن اس کے باوجود بھارتی فوج ظلم و بربریت سے باز نہیں آرہی۔اقوام متحدہ کو چاہیے کہ وہ حقائق پر مبنی رپورٹ جاری کرنے کے بعدبھارت سرکار پر دبائو بڑھائے کہ وہ آٹھ لاکھ غاصب فوج کو کشمیر سے نکالے اور یو این کی قراردادوں کے مطابق کشمیریوں کو ان کا حق خود ارادیت دیا جائے۔

انہوںنے کہاکہ اقوام متحدہ کی کشمیر سے متعلق رپورٹ جونہی منظر عام پر آئی اور کشمیری اخبار رائزنگ کشمیر کے ایڈیٹر شجاعت بخاری نے ٹویٹ کرتے ہوئے اسے حقائق پر مبنی قرار دیا بھارتی فورسز اہلکاروںنے گولیاں مارکر انہیں قتل کر دیا اور سازش کے تحت اس دہشت گردی کا الزام کشمیری مجاہدین پر لگایا جارہا ہے۔ حقیقت یہ ہے کہ بھارتی فوج ایسی مذموم حرکتوں کے ذریعہ تحریک آزادی کو بدنام اور کشمیری عوام کے دلوں میں غلط فہمیاں پیدا کرنا چاہتی ہے لیکن اس کی یہ کوششیں ان شاء اللہ اب بھی کامیاب نہیں ہوں گی۔

بھارتی فوج اور حکومت کشمیریوں کی مضبوط تحریک آزادی سے شدید بوکھلاہٹ کا شکار ہے ۔ دہشت گرد بھارت کی کشمیر میں شکست نوشتہ دیوار بن چکی ہے۔ حافظ محمد سعید نے کہاکہ حکومت پاکستان کو چاہیے کہ وہ کشمیر میں جاری بھارتی ریاستی دہشت گردی کے خلاف بین الاقوامی سطح پر بھرپور انداز میں آواز بلند کرے۔ کشمیری پاکستان کو اپنا سب سے بڑا وکیل سمجھتے ہیں اور سبز ہلالی پرچم لہراتے ہوئے اپنے سینوں پر گولیاں کھا رہے ہیں۔

مشکل کی اس گھڑی میں ان کی ہر ممکن مددوحمایت کی ضرورت ہے۔ انہوںنے کہاکہ رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ گزر چکا۔ ہر مسلمان کو چاہیے کہ وہ اپنا محاسبہ کرے۔اپنے دلوں میں تقویٰ اور آخرت کا خوف پیدا کیا جائے۔ ہمیں اپنی زندگیوں کو نبی اکرم ﷺ اور صحابہ کرام رضوان اللہ علیھم اجمعین کی سیرت کے مطابق ڈھالنا ہے۔ ہمیں اسلام دشمن قوتوں کے مقابلہ میں صبرو استقامت کا پہاڑ بن کر میدان میں کھڑے ہونا ہے۔

مسلمان غفلت ترک کر دیں ‘ نمازوں کی پابندی کریں اور نبوی منہج کے مطابق دین اسلام کے تحفظ کیلئے قربانیوں و شہادتوں کا راستہ اختیار کریں۔ انہوںنے کہاکہ مسلمان اپنے گھروںمیں اسلامی نظام کے نفاذ کا پختہ عہد کریں۔مسلمانوں کے لباس، کلچر، وضع قطع، سیاست، معیشت و معاشرت سمیت ہر عمل کتاب و سنت کے مطابق ہونا چاہیے۔ اگر مسلمان دین اسلام پر عمل شروع کریں اور قرآن و سنت سے غافل نہ ہوں تو حالات میں بہت بڑی تبدیلی آ سکتی ہے۔ہمارے معاشروں،ملکوں کا رنگ اسلامی بنے گا توملک امن و امان کا گہوارہ بنے گا۔انہوںنے کہاکہ عیدالفطر کے موقع پر ورثاء شہداء ، بیوگان، اسیران، زخمیوں اور لاچار لوگوں کو بھی اپنی خوشیوں میںشریک کرنا چاہیے۔