ایم ایم اے کاوجود ملک وقوم کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے ، چوہدری اکرام الحق

جمعہ 15 جون 2018 20:23

ساہیوال(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 15 جون2018ء) امیدوار متحدہ مجلس عمل پی پی 197ساہیوال چوہدری اکرام الحق (ایڈووکیٹ) نے کہاہے کہ ایم ایم اے کاوجود ملک وقوم کے لیے کسی نعمت سے کم نہیں ہے،عوامی خدمت اور ملک وقوم کی ترقی وخوشحالی کے لیے ضروری ہے کہ متحدہ مجلس عمل کی باکردار، صالح اور محب وطن قیادت کو کامیاب کرایاجائے،2018کے انتخابات ملک میں بڑی تبدیلی اور اسلامی انقلاب کی راہ ہموارکریں گے،پاکستان کے عوام70برسوں سے چوروں،ٹھگوں،جرائم پیشہ افرادکے شکنجے میں ہیں۔

یہی افرادباربارمنتخب ہوتے رہتے ہیں۔جب تک حقیقی قیادت کو موقع نہیں دیاجائے گا لوگوں کو درپیش مشکلات ختم نہیں ہوسکتیں۔متحدہ مجلس عمل خیبرپختونخواہ،پنجاب،کراچی اور سندھ سمیت ملک بھرمیں بھرپورکامیابی حاصل کرے گی۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہار انہوں نے گزشتہ روزایک کارنرمیٹنگ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ ماضی کی حکومتوں نے پاکستان کو تباہ حال کردیا ہے،عوام کو کسی قسم کاکوئی ریلیف میسر نہیں۔

مہنگائی،بے روزگاری کے ستائے اور لوڈشیڈنگ کے عذاب میں مبتلاعوام ماضی کے حکمرانوں سے تنگ آچکے ہیں۔امریکی غلامی کادم بھرنے والے لبرلزحکمرانوں سے نجات حاصل کرنے کاوقت آگیا ہے۔عام انتخابات ان ظالم وجابرحکمرانوں کے تابوت میں آخری کیل ثابت ہوں گے۔انہوں نے کہاکہ پاکستان کی85فیصد نوجوان ملک کے اندراسلامی شریعت کانفاذ چاہتے ہیں۔

یہ ملک اللہ اور اس کے رسولؐ کے نام لیوائوں نے بڑی قربانیاں دے کر حاصل کیا لہٰذا اس میں کوئی سیکولرنظام کامیاب نہیں ہوسکتا۔قائداعظم محمد علی جناح نے بارہااپنی تقریروں میںیہ کہاتھاکہ پاکستان کاآئین قرآن وسنت کے مطابق ہوگا۔پاکستان اسلام کاقلعہ ہے اور عالم اسلام کی توجہ کی مرکز ہے۔ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ ملک کے اسلامی تشخص اور نظریے کی حفاظت کریں۔

چوہدری اکرام الحق (ایڈووکیٹ) نے مزیدکہاکہ متحدہ مجلس عمل نے ملک بھر سے اپنے امیدوار فائنل کرلیے ہیں اور اختلافی نشستوں کے لیے اتفاق رائے کافارمولاطے پاگیا ہے۔ایم ایم ای22کروڑعوام کو باوقاربنائے گی اور پاکستان کو غلامی کی زنجیروں سے نکالے گی۔اسلامی فلاحی ریاست کے لیے ضروری ہے کہ قومی یکجہتی کوفروغ دیاجائے۔اسٹیٹس کوکی جماعتوں نے ملک وقوم کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایاہے جس کی وجہ سے ملک کے عوام میں مایوسی بڑھ رہی ہے۔