امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان ایک ساتھ جلوہ گر ہوں گے

امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان ایک مشترکہ پروجیکٹ کے تحت فلم بنائیں گے

پیر 18 جون 2018 12:00

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) بھارتی فلم انڈسٹری کے بے تاج بادشاہ امیتابھ بچن ایک بار پھر شاہ رخ خان کے ساتھ ایک فلم میں جلوہ گر ہوں گے۔بھارتی فلموں کے دلدادہ شائقین کے لیے عید کے پٴْر مسرت موقع پر یہ خبر کسی خوش خبری سے کم نہیں کہ فلم انڈسٹری پر پانچ دہائیوں سے راج کرنے والے امیتابھ بچن اور انڈسٹری کے حالیہ سب سے مقبول ہیرو شاہ رخ خان ایک بار پھر ایک ساتھ ایک فلم میں کام کریں گے۔

اس متوقع سپر فلم کی خاص بات یہ ہے کہ اس فلم کو خود شاہ رخ خان پروڈیوس کریں گے۔بھارتی میڈیا کے مطابق باوثوق ذرائع کا کہنا ہے کہ امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان کی جوڑی ایک بار پھر فلم ’بڑا‘ میں ایک ساتھ نظر آئے گی یہ فلم دونوں کا مشترکہ پروجیکٹ ہوگی جسے شاہ رخ خان کے پروڈیوکشن ہائوس سے ریلیز کیا جائے گا تاہم دونوں اداکار اس فلم سے متعلق تردید یا تصدیق کرنے سے گریز کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں دونوں اداکاروں کے قریبی حلقے اس فلم کے لیے پٴْر جوش دکھائی دیتے ہیں۔امیتابھ بچن 75 سال کے ہونے کے باوجود فلم انڈسٹری میں متحرک ہیں۔ امیتابھ بچن کی مقبولیت کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جا سکتا ہے کہ فلم ساز اب اٴْن کی شخصیت کو دیکھتے ہوئے کردار تخلیق کرتے ہیں۔ تاحال وہ مسٹر پرفیکشینسٹ عامر خان کے ساتھ فلم ’ٹھگ آف ہندوستان‘، عالیہ بھٹ اور رنبیر کپور کے ساتھ ’برہماسترا‘ جیسے منفرد کردار کی شوٹنگ میں مصروف ہیں۔

اسی طرح شاہ رخ خان بھی اپنی آنے والی نئی فلم ’زیرو‘ کی شوٹنگ کے سلسلے میں اداکارہ کترینہ کیف اور ٹیم کے ہمراہ بیرون ملک دورے پر ہیں۔واضح رہے کہ اس سے قبل امیتابھ بچن اور شاہ رخ خان کبھی الوداع نہ کہنا، ویر زارا اور بھوت ناتھ سمیت 9 کامیاب فلموں میں ایک ساتھ جلوہ گر ہوچکے ہیں اور شائقین نے دونوں سپر اسٹارز کی جوڑی کو سراہا تھا۔

متعلقہ عنوان :