ٹائیگر شروف کی ایکشن فلم ’ریمبو‘ کی ریلیز کی تاریخ سامنے آگئی

سلویسٹر اسٹالون کی شہرہ آفاق فلم ’ریمبو‘ کے ہندی ری میک میں ٹائیگر شروف مرکزی کردار ادا کریں گے

پیر 18 جون 2018 12:00

ممبئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) بالی ووڈ کے نوجوان ایکشن ہیرو ٹائیگر شروف کی فلم ’ریمبو‘ کے ہندی ری میک کو ریلیز کیے جانے کی تاریخ سامنے آگئی۔مارشل آرٹ کے منفرد فن کی وجہ سے مختصر وقت میں شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے ٹائیگر شروف مقبولیت میں آگے ہی بڑھتے جارہے ہیں، اداکاری کے میدان میں ٹائیگر کی قسمت ہمیشہ ہی اچھی رہی ہے یہی وجہ ہے کہ ہالی ووڈ کے ایکشن اسٹار سلویسٹر اسٹالون کی شہرہ آفاق پہلی فلم ’’فرسٹ بلڈ‘‘ کے ہندی ری میک کا اعزاز بھی ٹائیگر ہی کے نصیب میں آیا۔

گزشتہ برس بھی اس ری میک کا اعلان کیا گیا تھا جس کا مداحوں کو بے صبری سے انتظار تھا تاہم اچھی خبر یہ ہے کہ فلم کی ریلیز کی تاریخ بھی منظر عام پر آگئی ہے۔

(جاری ہے)

ہالی ووڈ کی 1982ء میں ریلیز ہونے والی فلم ’’فرسٹ بلڈ‘‘ اور اٴْس کے چاروں سیکوئل نے سلویسٹر اسٹالون کو شہرت کی بلندیوں پر پہنچا دیا تھا اب 35 سال بعد فلم کے ہندی ری میک میں حقیقت کا رنگ بھرنے کے لیے نوجوان اداکار ٹائیگر شروف مرکزی کردار میں نظر آئیں گے جوکہ 2 اکتوبر 2020ء کو ریلیز کی جائے گی۔

فلم ’ریمبو‘ کے ہدایت کار سدھارت آنند کا کہنا ہے کہ ٹائیگر شروف آج کل کرن جوہر کی فلم ’اسٹوڈنٹ آف دی ایئر‘ اور ہریتھیک روشن کے ہمراہ نامعلوم فلم کی شوٹنگ میں مصروف ہیں جس کے بعد فلم ’ریمبو‘ کی شوٹنگ 2019ء میں شروع کی جائے گی جب کہ فلم کی شوٹنگ کہانی کے لحاظ سے یورپ اور ہمالیہ میں کی جائے گی۔

متعلقہ عنوان :