بھارتی فوج کا مقبوضہ کشمیر میں 30کشمیریوں کی شہادت کے بعد نام نہاد جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان

ماہ رمضان میں 17مئی سے 17جون تک کم سن لڑکوں سمیت 30افرادکو شہید اور 160سے زائد کو زخمی کیاگیا کشمیری عوام بھارت کے ظالمانہ تسلط سے جلد آزادی حا صل کریں گے‘سید علی گیلانی کی بھارتی فوجیوں سے گفتگو سوشل میڈیا پر وائرل

پیر 18 جون 2018 12:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں نے بھارت کی طرف سے جنگ بندی کے ڈرامے کے باوجود ماہ رمضان میں 17مئی سے 17جون تک کم سن لڑکوں سمیت 30افرادکو شہید اور 160سے زائد کو زخمی کیا۔ کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے اس عرصے کے دوران 100افراد کو گرفتاربھی کیا ۔ بھارتی حکومت نے آج نام نہاد جنگ بندی ختم کرنے کا اعلان کردیاہے ۔

یہ اعلان نئی دہلی میں بھارت کی وزارت داخلہ نے کیا ہے۔ دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے امید ظاہر کی ہے کہ کشمیری عوام بھارت کے ظالمانہ تسلط سے جلد آزادی حا صل کریں گے۔ سوشل میڈیا پر سید علی گیلانی کی ایک ویڈیو وائرل ہوگئی ہے جس میں وہ حیدر وپورہ میںان کی رہائشگاہ کے باہر تعینات قابض بھارتی فورسز کے اہلکاروں سے گفتگو کر رہے ہیں جو انہیں عید کی نماز کے لیے عیدگاہ جانے سے روک رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ویڈیو میں بزرگ رہنما کے حامی دروازہ کھولنے کے لیے اس پر زور ڈال رہے ہیں۔جیسے ہی دروازہ کھلتا ہے بھارتی فوج اور پولیس کی ایک جمعیت سید علی گیلانی کو روکنے کے لیے ان کی راہ میں گاڑی کھڑی کردیتے ہیں۔ سیدعلی گیلانی نے اس موقع پر کہا کہ جموں وکشمیر پر بھارت کا جابرانہ قبضہ ہے جہاں لوگوں کو مذہبی فرائض کی ادائیگی سے بھی روکا جارہا ہے۔

انہوںنے کہا کہ کشمیر بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ تنازعہ ہے اور بھارت کو کشمیری عوام کو حق خودارادیت دینے سے انکار نہیں کرنا چاہیے۔ سرینگر کے علاقے صورہ میں گزشتہ روزبھارتی فورسز کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی24سالہ نوجوان کی حالت مسلسل تشویشناک ہے۔ نوجوان عبدالمجید وار کو بھارت کی پیراملٹری سینٹرل ریزرو پولیس فورس کے اہلکاروں نے علاقے میں احتجاجی مظاہرے کے دوران نزدیک سے گولی مارکر زخمی کردیا تھا۔

وہ صورہ ہسپتال میں داخل ہے۔ضلع اسلام آ باد کے علاقے براکپورہ میں آج ہزاروں افراد نے شہید نوجوان شیراز احمد کی نماز جنازہ میں شرکت کی۔ انہیں بھارتی فورسز نے گزشتہ روز احتجاجی مظاہرین پر فائرنگ کرکے شہید کیا تھا۔ ورلڈ کشمیر ایوئرنیس فورم کے سیکرٹری جنرل ڈاکٹر غلام نبی فائی نے واشنگٹن میں ایک بیان میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے کمشنر کی رپورٹ بھارتی فورسز کے ہاتھوں کشمیریوں کے خلاف انسانی حقوق کی پامالیوںکے عالمی اعتراف کی طرف ایک اہم ا قدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ رپورٹ میںانسانیت کے خلاف بھارتی جرائم کو بے نقاب کیاگیا ہے۔