ڈنمارک نے پیرو کو شکست دے کر قیمتی 3 پوائنٹس اپنے نام کر لیے

کروشیا نے نائیجیریا کو 2-0 سے شکست دے دی

پیر جون 12:00

سارنسک (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2018ء) فٹبال ورلڈ کپ کے گروپ سی کے دوسرے میچ میں ڈنمارک نے پیرو کو شکست دے کر قیمتی 3 پوائنٹس اپنے نام کر لیے۔۔روس کے شہر سارنسک کے مورڈوویا ارینا میں کھیلے گئے میچ میں پیرو اور ڈنمارک دونوں نے آغاز سے ہی جارحانہ کھیل پیش کیا اور ایک دوسرے کے گول پر متعدد حملے کیے لیکن دونوں ٹیمیں پہلے ہاف میں گول کرنے میں کامیاب نہ ہو سکیں۔

دوسرا ہاف شروع ہوتے ہی میچ کے 49ویں منٹ میں ڈنمارک کے یوسف پالسن نے گیند کو گول کی راہ دکھا کر اپنی ٹیم کو برتری دلائی۔اس کے چند ہی لمحوں بعد ڈنمارک کی ٹیم نے فاؤل کیا اور ویڈیو ریفری کی مدد سے امپائر نے پیرو کو پینالٹی دے دی لیکن پیرو کے شائقین کے چہروں پر چھائی خوشی اس وقت مایوسی میں بدل گئی جب کیووا نے تیز شاٹ مارنے کی کوشش میں گیند گول پوسٹ کے انتہائی اوپر سے باہر پھینک دی۔

(جاری ہے)

اس نادر موقع کو گنوانے کے ساتھ ساتھ فنشنگ نہ ہونے کے سبب پیرو کی ٹیم مزید مواقعوں سے بھی فائدہ نہ اٹھا سکی اور میچ میں 1-0 کی شکست سے دوچار ہو گئی۔16 جون کو ہونے والے گروپ ڈی کے ایک اور میچ میں کروشیا نے نائیجیریا کو 2-0 سے شکست دے دی۔روسی شہر کلیننگراڈ میں کھیلے گئے اس میچ کی ابتدا میں دونوں ٹیموں نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن نائیجیریا کے نوجوان کھلاڑی اوگھنیکارو اتیبو کے اون گول کی وجہ سے کروشیا کو برتری حاصل ہوگئی۔

میچ کے دوسرے ہاف میں کروشیا کو 71ویں منٹ میں پینالٹی اسٹروک مل گیا جس کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہوئے کروشین ٹیم کپتان لوکا موڈرک نے جال میں پہنچا کر ٹیم کا اسکور 2-0 کردیا، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہا۔اس فتح کے ساتھ ہی کروشیا کو 3 پوائنٹس حاصل ہوگئے اور وہ گروپ میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئی جبکہ ارجنٹائن اور آئس لینڈ دونوں کا میچ برابر ہونے کی وجہ سے دونوں ٹیموں کا ایک ایک پوائنٹ ہے۔