ماسکو میں بے قابو ٹیکسی کی ٹکر سے 8شائقین زخمی

ٹیکسی ڈرائیور نے جان بچانے کیلئے گاڑی سے کود کر دوڑ لگا دی ،ْ سڑک پر موجود لوگوں نے پیچھا کرکے اسے پکڑ لیا

پیر 18 جون 2018 12:00

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) روس کے دارالحکومت ماسکو میں ایک ٹیکسی، ڈرائیور سے بیقابو ہونے کے نتیجے میں ورلڈ کپ دیکھنے کیلئے آنے والے کم از 8شائقین زخمی ہو گئے۔ورلڈ کپ کے تیسرے دن ماسکو کے ریڈ اسکوائر کے علاقے میں ڈرائیور سے بے قابو ہونے والی ٹیکسی فٹ پاتھ پر کھڑے افراد پر چڑھ گئی جس کے نتیجے میں 8 افراد زخمی ہو گئے۔

سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ویڈیو میں دیکھا گیاکہ ڈارئیور نے ٹریفک جام میں پھنسی گاڑیوں کو پار کرنے کی کوشش میں گاڑی دائیں جانب موڑ دی تاہم اس موقع پر ڈرائیور گاڑی پر قابو نہ رکھ سکا اور ٹیکسی سڑک کے ایک جانب کھڑے افراد کو روندتی ہوئی ٹریفک سگنل سے ٹکراگئی۔اس موقع پر ٹیکسی ڈرائیور نے جان بچانے کے لیے گاڑی سے کود کر دوڑ لگا دی لیکن سڑک پر موجود لوگوں نے پیچھا کرکے اسے پکڑ لیا۔

(جاری ہے)

پولیس کے مطابق 28سالہ ڈرائیور کرغیزستان کا رہائشی جسے تحویل میں لے کر تفتیش کی جا رہی ہے تاہم ابتدائی تحقیقات سے ایسا لگتا ہے کہ ڈرائیور تیز رفتاری کے سبب گاڑی کو قابو میں نہیں رکھ سکا۔پولیس نے تصدیق کی کہ واقع میں 8 افراد زخمی ہوئے تاہم ان میں سے کسی کی بھی حالت نازک نہیں جبکہ انہیں جلد طبی امداد کے بعد ہسپتال سے ڈسچارج کردیا جائے گا۔یہ واقعہ ارجنٹینا اور آئس لینڈ کے درمیان 1-1 سے ڈرا ہونے والے میچ کے اختتام سے کچھ دیر بعد پیش آیا اور رپورٹس کے مطابق زخمی ہونے والے اکثر افراد ورلڈ کپ دیکھنے کیلئے آنے والے غیرملکی باشندے ہیں۔