مصر کے اسٹار فٹبالر محمد صلاح 26 برس کے ہو گئے ،ْ سالگرہ ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ منفرد انداز میںمنائی

مصری سپراسٹار کی سالگرہ کیلئے خصوصی کیک تیار جس پر مصر کے جھنڈے کے ساتھ ساتھ سنہرے رنگ کا جوتا بھی بنوایا گیا

پیر 18 جون 2018 12:00

ماسکو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) مصر کے اسٹار فٹبالر محمد صلاح 26 برس کے ہو گئے اور انہوں نے روس میں جاری ورلڈ کپ کے دوران اپنی ٹیم کے کھلاڑیوں کے ساتھ منفرد انداز میں سالگرہ منائی۔روس میں جاری 21ویں فٹبال ورلڈ کپ میں مصر کی ٹیم کو اپنے افتتاحی میچ میں انجری کا شکار محمد صلاح کی خدمات حاصل نہیں تھیں اور انہیں ناکامی کا منہ دیکھنا پڑا تھا تاہم شکست کے دو دن بعد ٹیم نے شکست کو بھلا کر اپنی ٹیم کے سب سے بڑے اسٹار محمد صلاح کی 26ویں سالگرہ منائی اور انہیں مبارکباد دی جو 15جون 1992 کو پیدا ہوئے تھے۔

صلاح کی سالگرہ تو 15جون کو تھی جب مصر کی ٹیم یوراگوئے کے مدمقابل تھی تاہم اگلے دن جب ٹیم روس کے شہر ایکاٹیرن برگ میں عہد کی نماز ادا کر کے ہوٹل واپس پہنچی تو کھلاڑی یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ اسٹار کھلاڑی کی ساگرہ کیلئے چھوٹی تقریب کا اہتمام کیا گیا ۔

(جاری ہے)

انگلش پریمیر میں لیورپول کی نمائندگی کرنے والے مصری سپراسٹار کی سالگرہ کیلئے خصوصی کیک بنوایا گیا جس پر مصر کے جھنڈے کے ساتھ ساتھ سنہرے رنگ کا جوتا بھی بنوایا گیا ،ْکیک پر جوتا بنانے کی وجہ یہ تھی کہ رواں سال صلاح نے انگلش پریمیئر لیگ میں گولڈن بوٹ کا ایوارڈ جیتا ہے۔

مصر کی ٹیم کا ورلڈ کپ میں اگلا مقابلہ 19 جون کو میزبان روس سے ہو گا اور اسے ورلڈ کپ کے پری کوارٹر فائنل مرحلے میں جگہ بنانے کے لیے اپنے دونوں میچوں میں لازمی فتح درکار ہے۔