ملک بھر سے عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل آن لائن سکروٹنی نظام کے ذریعے جاری

امیدواروں کے ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 22 جون تک جمع کرائی جا سکیں گی

پیر 18 جون 2018 12:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) ملک بھر سے عام انتخابات 2018ء میں حصہ لینے والے امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل آن لائن سکروٹنی نظام کے ذریعے پیر کو بھی جاری رہا ،ْ جو (آج)19 جون تک مکمل کر لیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے مطابق عام انتخابات میں حصہ لینے والے 21 ہزار 482 امیدواروں کا ڈیٹا نیب، فیڈرل بورڈ آف ریونیو، نادرا اور سٹیٹ بینک آف پاکستان کو فراہم کیا گیا ہے اور آن لائن نظام کے ذریعے ان کاغذات کی جانچ پڑتال کی گئی ۔

نظرثانی شدہ شیڈول کے مطابق ملک بھر میں 4 جون سے 11 جون تک کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل مکمل ہونے کے بعد کاغذات نامزدگی کا عمل شروع ہو گیا ہے ،ْ امیدواروں کے ریٹرننگ آفیسران کی جانب سے کاغذات نامزدگی منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں 22 جون تک جمع کرائی جا سکیں گی جبکہ ان پر اپیلٹ ٹربیونل کی جانب سے فیصلے 29 جون تک ہوں گے۔

(جاری ہے)

امیدواروں کی جانب سے کاغذات نامزدگی 29 جون تک واپس لئے جا سکیں اور اسی روز امیدواروں کی حتمی فہرست کا اجراء کیا جائے گا جبکہ 30 جون کو امیدواروںکو انتخابی نشانات کی الاٹمنٹ کے ساتھ ہی یہ مرحلہ مکمل ہو جائے گا۔

پولنگ 25 جولائی کو ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا اور بلوچستان کی خواتین اور اقلیتوں کیلئے مخصوص نشستوں کیلئے بھی اسی شیڈول پر عمل کیا جائے گا۔ عام انتخابات 2018ء کیلئے 21 ہزار 482 امیدواروں نے متعلقہ ریٹرننگ افسران کو کاغذات نامزدگی جمع کرائے ہیں۔ ملک بھر میں 4 جون سے 11 جون کے دوران قومی اسمبلی، صوبائی اسملیوں، خواتین اور اقلیتوں کی مخصوص نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

قومی اسمبلی کیلئے 5 ہزار 473 جبکہ صوبائی اسمبلیوں کیلئے 13 ہزار 693 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کیلئے خواتین کی مخصوص نشستوں کیلئے 436 جبکہ صوبائی اسمبلیوں کیلئے خواتین کی مخصوص نشستوں پر 1255 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی میں اقلیتوں کیلئے 154 جبکہ صوبائی اسمبلیوں میں اقلیتوں کیلئے 471 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔

اسی طرح پنجاب بشمول اسلام آباد 2700 کاغذات جبکہ سندھ سے 1346، خیبرپختونخوا بشمول فاٹا 992 اور بلوچستان سے 435 کاغذات نامزدگی موصول ہوئے ہیں۔ خواتین کی مخصوص نشستوں پر پنجاب بشمول اسلام آباد 236، سندھ 76، خیبرپختونخوا بشمول فاٹا 88 اور بلوچستان سے 36 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔ اسی طرح صوبائی اسمبلیوں کیلئے خواتین کی مخصوص نشستوں پر پنجاب بشمول اسلام آباد 664، سندھ 213، خیبرپختونخوا بشمول فاٹا 262 جبکہ بلوچستان سے 116 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔ صوبائی اسمبلیوں کیلئے اقلیتوں کیلئے پنجاب بشمول اسلام آباد 232، سندھ 110، خیبرپختونخوا بشمول فاٹا 73 اور بلوچستان سے 56 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔