ائیرپورٹ حکام کی بروقت کارروائی ، طالبان کمانڈر کو گرفتار کر لیا

طالبان کمانڈر کو باچا خان ائیر پورٹ سے گرفتار کیا گیا

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 18 جون 2018 12:53

پشاور (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18 جون 2018ء) : پشاور میں باچا خان ائیر پورٹ پر کارروائی کرتے ہوئے امگریشن حکام نے طالبان کمانڈر کو گرفتار کر لیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امیگریشن حکام نے باچا خان انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر کارروائی کرتے ہوئےتحریک طالبان پاکستان کے اہم کمانڈر مولوی بہادر جان کو گرفتار کر لیا ۔مولوی بہادر جان کی گرفتاری آج صبح عمل میں لائی گئی۔

ایف آئی اے امیگریشن ذرائع کے مطابق انتہائی مطلوب دہشتگرد بہادر جان نجی پرواز کے ذریعے دبئی جارہا تھا، لیکن امگریشن حکام نے دھر لیا۔ امیگریشن ذرائع کے مطابق مطلوب دہشتگرد نے حُلیہ تبدیل کررکھا تھا ، طالبان کمانڈر کو کاغذات کی جانچ پڑتال کے دوران گرفتار کیا۔ میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا کہ مولوی بہادر جان کا نام وزرات داخلہ نے سی ٹی ڈی کی سفارش پر سٹاپ لسٹ میں ڈالا تھا۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مولوی بہادر جان کا تعلق ضلع بنوں سے ہے،ایف آئی اے امیگریشن ذرائع نے بتایا کہ مولوی بہادر جان دہشتگردی کے کئی واقعات میں پولیس کو مطلوب تھا۔یاد رہے کہ گذشتہ ہفتے افغان وزارتِ دفاع کے حکام نے صوبہ کنّڑ میں امریکی فوج کی کارروائی میں تحریک طالبان پاکستان کے سربراہ ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی تصدیق کر دی۔وزارتِ دفاع کے ترجمان محمد ردمنیش نے بی بی سی کو بتایا کہ ملا فضل اللہ کو 13 جون کو کنّڑ میں ہونے والے امریکی ڈرون حملے میں مارا گیا۔

افغانستان میں امریکی فوج کے ترجمان لیفٹینٹ کرنل مارٹن اوڈونل کی جانب سے جمعرات کی شب ایک بیان جاری گیا تھا جس میں کہا گیا کہ 13 اور 14 جون کی شب امریکی فوج نے پاکستان اور افغانستان کے سرحدی علاقے میں انسدادِ دہشت گردی کی ایک کارروائی کی۔ان کا کہنا تھا کہ اس کارروائی کا ہدف دہشت گرد قرار دی گئی ایک تنظیم کا سینیئر رہنما تھا۔ ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی تصدیق تاحال طالبان کی جانب سے نہیں کی گئی اور خیال کیا جا رہا ہے کہ نیا امیر مقرر کرنے کے بعد ہی ملا فضل اللہ کی ہلاکت کی تصدیق کی جائے گی۔