بیگم کلثوم نواز کی طبیعت اب تک تشویش ناک ،ْ ان کا وینٹی لیٹر ہٹانے کا فیصلہ نہیں ہوسکا

والدہ اب تک ہوش میں نہیں آئیں، ڈاکٹرز پوری کوشش کر رہے ہیں ،ْحسین نواز

پیر 18 جون 2018 13:10

لندن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) برطانوی دارالحکومت لندن کے ہارلے کلینک میں زیرِ علاج سابق وزیراعظم نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی طبیعت اب تک تشویش ناک ہے اور ان کا وینٹی لیٹر ہٹانے کا فیصلہ نہیں ہوسکا۔خیال رہے کہ کینسر کے عارضے میں مبتلا بیگم کلثوم نواز گزشتہ کئی ماہ سے علاج کی غرض سے لندن میں موجود ہیں جہاں ان کی کئی کیمو تھراپیز ہو چکی ہیں۔

(جاری ہے)

رواں ماہ 15 جون کو کلثوم نواز کی طبیعت خراب ہونے کے بعد انہیں ایک بار پھر ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ اب تک مصنوعی تنفس (وینٹی لیٹر) پر ہیں۔میڈیا سے گفتگو میں نواز شریف کے صاحبزادے حسین نواز نے کہا کہ ان کی والدہ کلثوم نواز ہوش میں نہیں ہیں تاہم ڈاکٹرز پوری کوشش کر رہے ہیں اور انشاء اللہ ان کی طبیعت بہتر ہو جائے گی۔ذرائع کے مطابق ڈاکٹرز نے بتایا کہ بیگم کلثوم نواز کی طبیعت میں بہتری کے حوالے سے مانیٹرنگ کر رہے ہیں اور انہوں نے نواز شریف کو اپنی اہلیہ کے ساتھ زیادہ سے زیادہ وقت گزارنے کا مشورہ دیا ہے