آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں عید الفطر انتہائی مذہبی جو ش و جذبے سے منائی گئی

عید کے پرمسرت موقع پر ملکی ترقی ،ْ خوشحالی اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی دعائیں اسلام آباد سمیت ملک کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے

پیر 18 جون 2018 13:10

اسلام آباد /لاہور /کراچی /کوئٹہ /پشاور /گلگت /مظفر آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں عید الفطر انتہائی مذہبی جو ش و جذبے سے منائی گئی ،ْ عید کے پرمسرت موقع پر ملکی ترقی ،ْ خوشحالی اور امت مسلمہ کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں ،ْ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے تمام بڑے اور چھوٹے شہروں میں سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ۔

تفصیلات کے مطابق آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک بھر میں عید الفطر انتہائی مذہبی جو ش و جذبے سے منائی گئی۔ملک کے تمام بڑے شہروں اور قصبوں میں کھلے مقامات، مساجد، امام بارگاہوں اور عید گاہوں میں عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ علماء کرام نے اپنے خطبات میں عیدالفطر کی اہمیت اور فلسفے پر روشنی ڈالی جبکہ عید کے پرمسرت موقع پر ملکی ترقی اور خوشحالی اور ا مت مسلمہ کی فلاح و بہبود کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

(جاری ہے)

وفاقی دارالحکومت کے جڑواں شہروں میں عید کا سب بڑا اجتماع فیصل مسجد میں ہوا جبکہ راولپنڈی میں لیاقت باغ کے مقام پر بھی بڑا اجتماع ہوا۔ فیصل مسجد میں نماز عید کیلئے حکومت کے اعلی عہدیدار اور اسلامی ممالک کے سفراء نے نماز عید ادا کی۔ عیدالفطر کی ادائیگی کے موقع پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں اور مختلف چوک چوراہوں اور عیدگاہوں اور تجارتی مراکز کے گرد و نواح سکیورٹی انتہائی چوکس تھی۔

پولیس ، رینجرز، فالکن، سپیشل سکواڈ کے دستے اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکاروں نے سکیورٹی کے فرائض سرانجام دیئے۔ تقریباً 2 ہزار سے زائد پلویس اہلکاروں کی ڈیوٹیاں لگائی گئی تھی جو نماز عید کے بعد شہر بھر میں سکیورٹی پر مامور دکھائی دیئے۔ پولیس لائن آئی الیون میں بھی نماز عید کا اجتماع ہوا جہاں آئی جی، ڈی آئی جی، ایس ایس پی آپریشنز، لیگل و دیگر پولیس افسران نے پولیس عملہ کے ہمراہ نماز عید ادا کی اور فرائض کی انجام دہی کے دوران شہید ہونے والے پولیس ا فسران اور اہلکاروں کیلئے اور ملک و قوم کی ترقی، سلامتی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک پولیس نے پارکنگ کیلئے خصوصی انتظامات کر رکھے تھے۔ فیصل مسجد سمیت دیگر بڑے عید اجتماعات سے کچھ فاصلے پر پارکنگ کے انتظامات کئے گئے تھے تاکہ ٹریفک کی سہل روانی کے علاوہ کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے بچا جا سکے۔ملک بھر کی طرح شہر قائد میں بھی ہفتہ کو عید الفطر مذہبی جوش و جذبے کے ساتھ منائی گئی۔ دن کا آغاز نماز فجر کے بعد ملک کی سالمیت، خوشحالی اور ترقی کی دعاؤں سے ہوا۔

صدر مملکت ممنون حسین نے اسٹیٹ گیسٹ ہاؤس میں نماز عید ادا کی اور لوگوں سے عید ملے، شہر کا بڑا نماز عید کا اجتماع باغ جناح (پرانا پولو گراؤنڈ) میں منعقد ہوا جہاں گورنر سندھ محمد زبیر، میئر کراچی وسیم اختر، اعلیٰ حکام، اسلامی ممالک کے سفارتکاروں سمیت شہریوں کی بڑی تعداد نے نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر ملک کی سلامتی، دفاع ، خوشحالی، باہمی اتفاق و اتحاد کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

علاوہ ازیں شہر میں کئی مقامات پر نماز عید کے چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے جن میں نیو میمن مسجد، دار العلوم کراچی، عید گاہ ناظم آباد، نیشنل اسٹیڈیم شامل ہیں۔ نماز عید کے بعد ایک طرف لوگوں نے تفریحی اور سیاحتی مقامات کا رخ کیا تو دوسری طرف گھروں پر بھی مہمانوں کی آمد کا سلسلہ شروع ہوا۔ گھروں پر مہمانوں کی میٹھی اور ذائقہ دار کھانوں سے تواضوں کی گئی۔

اس موقع پر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کئے تھے۔ نگران وزیراعلی سندھ فضل الرحمان نے ہفتہ کو عید الفطر کے روز وزیر اعلی ہاؤس میں اعلی سرکاری افسران، سول سوسائٹی کے لوگوں، سابق بیوروکریٹ و دیگر مکتبہ فکر کے لوگوں سے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔ عید ملنے والوں میں سندھ کے نئے چیف سیکریٹری میجر (ر)اعظم سلیمان، نئے آئی جی سندھ امجد جاوید سلیمی کے علاوہ یو اے ای، افغانستان اور دیگر ملگوں کے کراچی میں قونصل جنرل شامل تھے۔ اس موقع پر انہوں نے وزیراعلی ہاؤس کے اسٹاف سے بھی عید ملے۔