امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل (آج) مکمل ہوگا

تاریخ کو انتخابی امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست شائع کی جائیں گی

پیر 18 جون 2018 13:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان میں امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کا عمل (آج) منگل کو مکمل ہوگا ۔ الیکشن کمیشن کے مطابق ملک بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کیلئے مجموعی طور پر 21 ہزار 482 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے ہیں۔ قومی اسمبلی کے 342 نشستوں کیلئے 6 ہزار 63 امیدواروں نے جبکہ صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں کیلئے 15 ہزار 419 امیدواروں نے کاغذات نامزدگی جمع کروائے ہیں۔

(جاری ہے)

انتخابی شیڈول کے مطابق کاغذات منظور یا مسترد کئے جانے کے خلاف اپیلیں اس مہینہ کی 22 تاریخ تک دائر کی جاسکتی ہیں۔ اپیلیٹ ٹربیونلز25 جون تک یہ اپیلیں نمٹائیں گے جس کے بعد اس ماہ کی 28 تاریخ کو انتخابی امیدواروں کی نظرثانی شدہ فہرست شائع کی جائیں گی۔ امیدوار 29 جون تک اپنے کاغذات نامزذگی واپس لے سکتے ہیں اور اسی روز انتخابی امیدواروں کی حتمی فہرست جاری کی جائے گی ۔ امیدواروں کو انتخابی نشانات 30 جون کو الات کئے جائیں گے جبکہ پولنگ 25 جولائی کو ہوگی۔