چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی کا کوئٹہ میں ایس او ایس ویلج کا دورہ ،ْ بچوں کے ساتھ وقت گزارا ،ْعید کے تحائف تقسیم کئے

دیکھ کر انتہائی مسرت ہوئی ہے کہ ایس او ایس ویلج میں موجود بچوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے جس کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے ،ْ گفتگو

پیر 18 جون 2018 13:20

ْاسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے کوئٹہ میں ایس او ایس ویلج کا دورہ کیا اور بچوں کے ساتھ وقت گزارا اور ان میں عید کے تحائف تقسیم کئے۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سینیٹر نصیب اللہ بازئی بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیئرمین سینیٹ نے ایس او ایس ویلج کے 150 سے زائد بچوں میں عید کے تحائف تقسیم کئے۔

اس موقع پر چیئرمین سینیٹ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ یہاں آنے کا مقصد ان بچوں کوا حساس دلانا ہے کہ وہ معاشرہ کا اہم جزو اور قوم کے مستقبل کے معمار ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس ایس او ایس ویلج کی طرح مزید ادارے بنانے کی ضرورت ہے تاکہ سماجی تقسیم میں کم وسائل کے حامل افراد اور بچوں کو قومی دھارے میں شامل کیا جاسکے۔ چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ انہیں یہ دیکھ کر انتہائی مسرت ہوئی ہے کہ ایس او ایس ویلج میں موجود بچوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے جس کو مزید نکھارنے کی ضرورت ہے۔

صادق سنجرانی نے کہا کہ معاشرے کے وسائل سے محروم طبقات خاص طور پر بچوں کو تعلیم کی سہولتیں فراہم کرنے کیلئے وہ نہ صرف ایوان بالاکا پلیٹ فارم استعمال کریں گے بلکہ مخیر حضرات سے بھی اس سلسلہ میں کردار ادا کرنے کی درخواست کریں گے۔