Live Updates

کسی سیاسی جماعت کو ڈیٹا فراہم نہیں کیا‘الیکشن کمیشن کو آئین کے تحت مدد فراہم کرر ہے ہیں‘الیکشن میں نادرا کا کردار محدود ہے

ترجمان نادرا کا وضاحتی بیان ‘دھاندلی سے متعلق تمام الزامات مسترد کردئیے

پیر 18 جون 2018 14:00

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔ 18 جون2018ء) نادرا حکام نے کہا ہے کہ کسی سیاسی پارٹی کو ڈیٹا فراہم نہیں کیا۔ الیکشن کمیشن کو آئین کے تحت مدد فراہم کرر ہے ہیں۔الیکشن میں نادرا کا کردار محدود ہے۔ ترجمان نے دھاندلی سے متعلق تمام الزامات مسترد کردئیے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف نے چیئر مین نادرا کے خلاف الیکشن کمیشن سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے چیئرمین نادرا کے خلاف الیکشن کمیشن میں پٹیشن دائر کرنے کی ہدایت کردی۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے نادرا چیئر مین کو ہٹانے کے لئے پٹیشن تیار کرلی۔ بابر اعوان نے عمران خان کو پٹیشن پر بریفنگ بھی دی ہے۔ چیئرمین نادرا پرمسلم لیگ (ن) کو الیکشن جیتنے میں مدد کے لئے ڈیٹا فراہم کرنے کا الزام عائد کیا گیاہے۔

پٹیشن میں موقف اختیار کیا جائے گا کہ چیئرمین نادرا کو سابق حکمراں جماعت نے تعینات کیا تھا اس لئے انکی موجودگی میں شفاف الیکشن نہیں ہو سکتا۔ انہیںعہدے سے ہٹایا جائے۔ تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر بابر اعوان نے چیئرمین نادرا کے خلاف پٹیشن تیاری کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ جلد الیکشن کمیشن میں چیئر مین ناررا کے خلاف پٹیشن دائر کریں گے۔
Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات