امیدواروں کی سکروٹنی کا سلسلہ دوبارہ شروع ،کاغذات نامزدگی پر ریٹرنگ افسران کے فیصلوں کیخلاف اپیلوں کیلئے ٹربیونلز قائم

پنجاب کیلئے 8، خیبر پختونخواہ کیلئے 6، سندھ کیلئے چار جبکہ بلوچستان کیلئے 2ٹربیونلز قائم کیے گئے ،امیدوار 22 جون تک اپیلیں دائر کر سکیں گے

پیر 18 جون 2018 14:10

اسلام آباد /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 جون2018ء) الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی پر ریٹرنگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلوں کے لیے ٹربیونلز قائم کر دئیے، امیدوار 22 جون تک اپیلیں دائر کر سکیں گے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفیکیشن کے مطابق پنجاب کیلئے 8، خیبر پختونخواہ کیلئے 6، سندھ کیلئے چار جبکہ بلوچستان کیلئے 2ٹربیونلز قائم کیے گئے ہیں۔

امیدوار 22جون تک ریٹرننگ افسران کے فیصلوں کے خلاف اپیلیں دائر کر سکیں گے۔ ایپلٹ ٹربیونلز 27جون تک ان اپیلوں کو نمٹائیں گے۔

(جاری ہے)

دوسری جانب عید کی چھٹیاں ختم ہونے کے بعد ملک بھر میں امیدواروں کی سکروٹنی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہوگیا۔ الیکشن کمیشن سکروٹنی سیل نے ریٹرننگ افسران کو تمام امیدواروں کی تفصیلات فراہم کر دی، کاغذات نامزدگی جمع کرانے والوں میں سے 11فیصد امیدوار نادہندہ ہیں، ریٹرننگ افسران کو 122امیدواروں کی دوہری شہریت سے متعلق آگاہ کر دیا گیا ، اسی طرح پی ٹی سی ایل کے 1500ڈیفالٹر امیدواروں کی فہرست بھی بھجوائی گئی ہے۔ریٹرننگ افسران کو 383بنکوں کے ڈیفالٹرز اور ایس این جی پی ایل کے 310ڈیفالٹر امیدواروں کی فہرست بھی بھجوائی گئی ہے۔