سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری عدلیہ کے نام پر دھبہ ہیں ،ْفواد چوہدری

3 کے عام انتخابات میں دھاندلی کروائی ،ْ اب ایک بار پھر رائیونڈ کی خدمت کے لئے نکل پڑے ہیں ،ْ ترجمان پی ٹی آئی افتخار چوہدری کا اپنا کوئی قد کاٹھ نہیں، اپنے بیٹے کا مقدمہ بھی خود سن کر ریلیف دیا ،ْارسلان چوہدری کا مقدمہ بھی جلد کھلنا چاہیے ،ْ میڈیا سے گفتگو

پیر جون 15:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 18 جون2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان بیرسٹر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری عدلیہ کے نام پر دھبہ ہیں کیونکہ انہوں نے 2013 کے عام انتخابات میں دھاندلی کروائی اور اب ایک بار پھر رائیونڈ کی خدمت کے لئے نکل پڑے ہیں۔میڈیا سے گفتگو کے دور ان ترجمان پی ٹی آئی فواد چوہدری نے کہا کہ جولائی میں ہونے والے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئے نگراں وزیراعظم سے استدعا کررکھی ہے تاہم چند عناصر کے ہوتے ہوئے یہ ممکن نہیں، 2013 کے انتخابات میں بھی سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے ایک معاہدے کے تحت (ن) لیگ کے ساتھ مل کر دھاندلی کرائی، نوازشریف نے افتخار چوہدری کو کہا تھا آپ کو صدر بنائیں گے لیکن بعد میں مکر گئے اور اب ایک بار پھر سابق چیف جسٹس انتخابات سے قبل رائے ونڈ کی خدمت کے لئے نکل پڑے ہیں، فتخار چوہدری عدلیہ کے نام پر دھبہ ہیں۔

(جاری ہے)

فواد چوہدری نے کہا کہ افتخار چوہدری کا اپنا کوئی قد کاٹھ نہیں، انہوں نے اپنے بیٹے کا مقدمہ بھی خود سن کر ریلیف دیا، ارسلان چوہدری کا مقدمہ بھی جلد کھلنا چاہیے، نیب اچھا کام کررہی ہے لیکن نیب کو افتخار چوہدری کی کرپشن کیوں نظر نہیں آتی ۔ انہوںنے کہاکہ نوازشریف کومقدمے میں سزا اس لیے نہیں ہورہی کہ وکلاء تاخیری حربے استعمال کررہے ہیں۔

عمران خان کی نوازشریف کے ساتھ کوئی ذاتی لڑائی نہیں ، پی ٹی آئی برطانیہ کے صدر عمران خان کی ہدایت پر ہارلے اسٹریٹ گئے اور بیگم کلثوم نواز کی عیادت کی اور ہم بھی ان کی صحت یابی کے لئے دعا گو ہیں۔ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ کچھ اینکرز اور میڈیا ہائوسز عمران خان کے خلاف منفی پراپیگنڈے کررہے ہیں اور ان کی جعلی ویڈیو بنا کر سوشل میڈیا پر لوڈ کی جارہی ہیں، ہمارے پاس انتخابات میں حصہ لینے کے ہزاروں امیدوار ہیں لیکن ٹکٹس کم ہیں اور یہ معاملہ ایک انار سو بیمار والا بن چکا ہے، عمران خان کہہ چکے ہیں ہر شخص کو ٹکٹس نہیں دیئے جاسکتے تاہم کوشش ہے کہ جلد امیدواروں کا چنائو کردیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ چوہدری نثار سمیت ہم کسی کے ساتھ سیاسی اتحاد نہیں کررہے ،ْہم بلے کے نشان پر ہی انتخابی میدان میں اتریں گے۔